فیصل آباد ، مالکان کے مبینہ تشدد سے گھریلو ملازمہ جاں بحق، ملزم اہلیہ سمیت گرفتار

ْپولیس نے چھاپہ مار کر دوسری بچی کو ملزم کے گھر سے برآمد کر لیا،جسم پر بھی تشددکے نشانات

منگل 3 جون 2025 22:10

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2025ء)فیصل آباد میں مالکان کے مبینہ تشدد سے تیرہ سالہ گھریلو ملازمہ جاں بحق ہو گئی، ملزم کو اہلیہ سمیت گرفتار کر لیا گیا،پولیس نے چھاپہ مار کر دوسری بچی کو ملزم کے گھر سے برآمد کر لیا، 8سالہ شمائلہ کے جسم پر بھی تشدد کے نشانات ہیں۔تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں مالک کے ہاتھوں معصوم بچی کے قتل کا ایک اور واقعہ سامنے آ گیا۔

فیصل آباد میں ملزم ذیشان کے مبینہ تشدد سے 13سالہ عالیہ جاں بحق ہو گئی۔

(جاری ہے)

ڈجکوٹ کی رہائشی مقتولہ عالیہ اور اس کی آٹھ سالہ بہن شمائلہ گزشتہ آٹھ ماہ سے فیصل آباد میں ملزم ذیشان کے گھر ملازم تھیں۔بچی کے والد کے مطابق ملزم نے اسے فون کر کے بچی کے بیمار ہونے کی اطلاع دی۔ ملزم بچی کی لاش اور اسے ڈجکوٹ چھوڑ کر فرار ہو گیا۔والد کی اطلاع پر پولیس نے شمائلہ کو ملزم کے گھر سے برآمد کر لیا۔ شمائلہ نے بتایا کہ ملزم معمولی معمولی بات پر کمرے میں بند کر کے تشدد کا نشانہ بناتا تھا۔پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزم ذیشان اور اس کی اہلیہ کو گرفتار کر کے کارروائی کا آغاز کر دیا۔