ئ*ملزم حسن رضا پر منشیات کے مقدمے میں ایس پی، سی سی ڈی آفتاب پھلروان 11 جون کو طلب

بدھ 4 جون 2025 04:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 جون2025ء) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فاروق حیدر نے خلیل الرحمان قمر ہنی ٹریپ مقدمہ سے بری ہونے والے ملزم حسن رضا پر منشیات کے مقدمے میں ایس پی، سی سی ڈی آفتاب پھلروان کو 11 جون کو مکمل ریکارڈ سمیت طلب کر لیا، دو ایس پیز ہائیکورٹ کو مطمئن نہ کرسکے، نامکمل ریکارڈ پیش کرنے پر ایس پیز پر اظہار ناراضگی کرتے ہوئے عدالت نے ریمارکس دئیے کہ پولیس والے سمجھتے ہیں کہ وہ عدالت کی آنکھوں میں دھو ل جھونک دیں گے ایسا نہیں ہوسکتا، پولیس کا کام لوگوں کے لئے آسانیاں پیدا کرنا ہے مسائل نہیں، عدالت نے استفسار کیا کہاں لکھا ہوا ہے کہ ملزم حسن رضا جیل میں بند ہے، تفتیشی افسر متعلقہ دستاویزات عدالت میں پیش نہ کرسکا۔

(جاری ہے)

عدالت نے تفتیشی افسر پر اظہار ناراضگی کرتے ہوئے کہا آپ کو سمجھ آتی نہیں یا سمجھنا ہی چاہتے، ایس پی صاحبہ کیا آپ کو عدالت کے سوالات کو سمجھ رہی ہیں یا آپ کو سمجھ نہیں آرہی ایس پی سدرہ خان نے جواب دیا مجھے عدالت کے سوالات کی سمجھ آرہی ہے، عدالت نے ریمارکس دئیے کہ ریکارڈ مکمل کیوں پیش نہیں کیا گیا، عدالت کے استفسار پر ایس پی سدرہ خان نے بتایا کہ اب منشیات کے مقدمہ کی تفتیش کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے پاس ہے۔