پی ڈی ایم اے نے صوبہ بھر کے کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز کو سولر پینلز کی تنصیب بارے گائیڈ لائنز جاری کر دیں،ترجمان

بدھ 4 جون 2025 12:15

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2025ء) پی ڈی ایم اے نے صوبہ بھر کے کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز کو سولر پینلز کی تنصیب بارے گائیڈ لائنز جاری کر دیں۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق انرجی ڈیپارٹمنٹ کی جاری کردہ ہدایات کے پیش نظر پی ڈی ایم اے پنجاب نے مراسلہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ تمام متعلقہ فریقین(عمارت مالکان، سولر وینڈرز اور انسٹالرز) کو فوری ایس او پیز فراہم کرے۔

سولر سسٹم کی تنصیب صرف اے ای ڈی بی سے منظور شدہ ماہرین سے کروائیں۔ حساس عوامی عمارتوں جیسے سکول، ہسپتال اوردفاتر میں نصب سولر سسٹمز کا فوری جائزہ لیا جائے۔ میونسپل کارپوریشنز اور بلڈنگ اتھارٹیز کو سولر تنصیبات پر ریگولیٹری گائیڈ لائنز پر سختی سے عملدرآمد کرانے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مقامی میڈیا، مساجد، کمیونٹی لیڈرز اور ضلعی اطلاعاتی افسران کے ذریعے عوامی آگاہی مہم چلائی جائے۔

(جاری ہے)

ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے مراسلہ میں کہا ہے کہ سولر پینلز کو محفوظ، مضبوط اور سیل بند انداز میں نصب کریں،پینلز کو سٹین لیس سٹیل نٹ بولٹ اور سپرنگ واشر سے محفوظ طریقے سے جوڑیں،کیبلز کو معیاری ٹائیز سے باندھیں، تار یا عام رسی کا استعمال نہ کریں۔انورٹر، بیٹری اور میٹر کو زمین سے اوپر نصب کریں یا بلند جگہ پر رکھیں۔ ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ نکاسی آب کے راستے بند نہ ہوں،چھت کی صفائی یقینی بنائیں۔

ژالہ باری سے بچاو کیلئے ہائی امپیکٹ ریٹنگ والے سولر پینلز منتخب کریں۔انورٹر اور چارج کنٹرولر پر سرج پروٹیکشن ڈیوائسز نصب کریں۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ غیر معیاری سولر پینلز حادثات کا باعث بنتے ہیں۔ہدایات پر عمل کر کے جانی و مالی نقصانات سے بچا جا سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :