پی ایس ٹی کی مرکزی قیادت میں نئی تبدیلی کا خیر مقدم کر تے ہیں‘ سلیم قادری

محمد سلیم عباس قادری کو مرکزی صدر اور علامہ ثروت اعجاز قادری کو سرپرستِ اعلی مقرر کیا جانا خوش آئند ہے

بدھ 4 جون 2025 13:04

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2025ء) پاکستان سنی تحریک لاہور کے جوائنٹ سیکریٹری محمد سلیم قادری نے کہا ہے کہ پاکستان سنی تحریک کی مرکزی قیادت میں نئی تبدیلی کا خیر مقدم کر تے ہیں،مرکزی قیادت نے بالغ نظری کا مظاہرہ کیا اور جماعت کو مزید مضبو ط بنا کر کارکنوں کے دل جیت لیے،محمد سلیم عباس قادری کو مرکزی صدر اور علامہ ثروت اعجاز قادری کو سرپرستِ اعلی مقرر کیا جانا خوش آئند ہے۔

اپنے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان سنی تحریک صرف ایک تنظیم نہیں بلکہ ایک عظیم مشن کا نام ہے،ہمیں فخر ہے کہ ہم جید علمائے کرام کی سرپرستی میں دین متین کی خدمت انجام دے رہے ہیں۔ پاکستان سنی تحریک وہ واحد جماعت ہے جس نے نہ صرف مساجد پر ناجائز قبضے چھڑانے میں عملی کردار ادا کیا بلکہ اہلِ سنت و جماعت کو ہر محاذ پر باوقار انداز میں آواز بلند کرنے کا حوصلہ بھی دیا۔

(جاری ہے)

پاکستان سنی تحریک کا ہر کارکن اپنی قیادت کے ایک اشارے پر اپنی جان قربان کرنے کے لیے تیار ہے۔ ہم شہید عباس قادری کے فرزند محمد سلیم عباس قادری کو جماعت میں مرکزی صدر کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالنے پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ہم دعا گو ہیں کہ اللہ تعالی انہیں جرات، اخلاص اور استقامت کے ساتھ پاکستان سنی تحریک کے مشن کو پائے تکمیل تک پہنچانے کی توفیق عطا فرمائے۔