Live Updates

آئندہ بجٹ میں نوجوانوں کو ترجیح دی جائے گی ،میر سرفراز بگٹی

روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کیے جائیں گے، وزیر اعلیٰ بلوچستان

بدھ 4 جون 2025 17:17

آئندہ بجٹ میں نوجوانوں کو ترجیح دی جائے گی ،میر سرفراز بگٹی
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2025ء)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان اسمبلی کی نئی عمارت صوبے کے ثقافتی رنگ، روایات اور آئندہ کئی دہائیوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تعمیر کی جا رہی ہے جو عوامی نمائندگی کے اس باوقار فورم کو مزید مؤثر اور فعال بنائے گی وزیراعلیٰ نے یہ بات کوئٹہ میں صوبائی اسمبلی کے نئے بلاک اور آڈیٹوریم ہال کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی اس موقع پر صوبائی وزراء ، پارلیمانی سیکرٹریز اور اراکین اسمبلی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے میر سرفراز بگٹی نے نئے آڈیٹوریم ہال میں پہلا باقاعدہ خطاب بھی کیا اور مختصر مدت میں منصوبے کی تکمیل پر محکمہ مواصلات و تعمیرات کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا انہوں نے کہا کہ صوبائی اسمبلی کی پرانی عمارت اب ضروریات پوری کرنے کے قابل نہیں رہی تھی اسی لیے نئی عمارت کا منصوبہ ترتیب دیا گیا جو وفاقی حکومت کی معاونت سے مکمل کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے یقین دلایا کہ نئی عمارت میں اراکین اسمبلی کے لیے جدید سہولیات دستیاب ہوں گی اور ایوان کی بہتری کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے وزیراعلیٰ نے میڈیا سے اپنی گفتگو میں کہا کہ یہ پہلی بار ہے کہ ترقیاتی فنڈز کا 90 فیصد سے زائد بروقت استعمال ممکن ہوا ہے جو حکومتی کارکردگی کا واضح ثبوت ہے انہوں نے بتایا کہ آئندہ بجٹ میں نوجوانوں کو ترجیح دی جائے گی اور روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کیے جائیں گے انہوں نے کہا کہ آئندہ بجٹ سرپلس ہوگا جو مالی نظم و ضبط اور بہتر منصوبہ بندی کی علامت ہے امن و امان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشنز کامیابی سے جاری ہیں جس کے مثبت اثرات پورے صوبے میں محسوس کیے جا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ آج بلوچستان میں امن بحال ہو رہا ہے اور ہر جگہ شاہراہیں کھلی ہیں جو ترقی اور استحکام کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات