سگیاں ،اطراف میں روڈا کے زیر انتظام انڈسٹری شدید مشکلات سے دوچار ، وزیراعلی پنجاب فوری نوٹس لیں‘لاہور چیمبر

روڈا کے زیر انتظام علاقے میں ڈی سی ریٹ عام ریٹ سے دس گنا زیادہ، فی الفور کمی کی جائے‘ انجینئر خالد عثمان، محمد علی میاں

بدھ 4 جون 2025 17:22

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2025ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے اپیل کی ہے کہ وہ سگیاں اور راوی کے اطراف میں قائم ہزاروں صنعتی یونٹس کو راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی (روڈا) کی جانب سے نافذ کردہ معمول سے 10گنا زیادہ ڈی سی ریٹس اور دیگر مسائل کی وجہ سے درپیش مشکلات کا نوٹس لیں اور ان کے ازالے کے لیے فوری احکامات صادر کریں۔

لاہور چیمبر میں منعقدہ اجلاس میں شریک صنعتکاروں نے کہا کہ موجودہ حالات میں کاروبار کرنا پہلے ہی مشکل ہے جبکہ روڈا کی جانب سے سگیاں پل اور اس کے اطراف میں واقع صنعتی یونٹس پر اضافی مالی بوجھ ڈالا جا رہا ہے جس سے صنعتکاری کا مستقبل خطرے میں پڑ گیا ہے۔ اجلاس سے لاہور چیمبر کے قائم مقام صدر انجینئر خالد عثمان، سابق صدر محمد علی میاں ، سٹینڈنگ کمیٹی کے کنوینر علی شیراز ، ظفر اقبال، اکرم دیوان، محمد امین، محمد حنان، محمد یونس، تنویر حسین، محمد عدیل اور ایڈووکیٹ ایم وقار نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

لاہور چیمبر کے قائمقام صدر انجینئر خالد عثمان اور سابق صدر محمد علی میاں نے کہا کہ سگیاں پل اور اس کے گردونواح میں ایک ہزار سے زائد چھوٹی بڑی صنعتیں قائم ہیں جو ملک کی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ تاہم روڈا کے زیر انتظام اس صنعتی زون میں ڈی سی ریٹس عام شرح سے دس گنا زیادہ وصول کیے جا رہے ہیں، جو کہ صنعتکاروں کے لیے ناقابل برداشت ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سے فوری اپیل کی جاتی ہے کہ زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے سگیاں اور اس کے اطراف میں ڈی سی ریٹس میں فوری کمی کی جائے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جب تک روڈا کے زیر انتظام علاقے میں نئے ڈی سی ریٹس کا تعین نہیں ہوتا وہاں موجود تمام صنعتی یونٹس کو تنگ نہ کیا جائے، نہ ہی انہیں بے دخل کیا جائے اور نہ ہی ان کی سیلنگ کی جائے۔

انجینئر خالد عثمان اور محمد علی میاں نے خبردار کیا کہ سگیاں اور اس کے اطراف میں کام کرنے والے دس ہزار سے زائد مزدوروں کے خاندان ان صنعتوں سے وابستہ ہیں۔ اگر صنعتکاروں کو زبردستی بے دخل کیا گیا یا ان کے کاروبار بند کیے گئے تو نہ صرف بے روزگاری میں اضافہ ہوگا بلکہ امن و امان کے سنگین مسائل بھی پیدا ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اس معاملے پر فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈی سی ریٹس میں کمی کے احکامات جاری کریں گی اور روڈا کو ہدایات دیں گی کہ صنعتکاروں کو پریشان نہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ روڈا کے زیر انتظام علاقے میں صنعتکاروں کو ڈی سی ریٹ میں واضح کمی کے ذریعے ریلیف دیکر اس علاقے کو صنعتی ترقی کا مرکز بنایا جاسکتا ہے۔ اجلاس میں شریک صنعتکاروں نے کہا کہ انہیں غیرمنصفانہ مالی بوجھ سے نجات دلائی جائے تاکہ وہ اپنے کاروبار کو چلا سکیں اور ملک کی معیشت میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔انجینئر خالد عثمان اور محمد علی میاں نے توقع ظاہر کی کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز اس معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈی سی ریٹ میں کمی کے احکامات اور روڈا کو ہدایت جاری کریں گی کہ صنعتکاروں کو تنگ نہ کیا جائے۔