Live Updates

پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے نائب صدور کا نو منتخب صدر محسن گیلانی کی قیادت میں پاکستان میں فٹ بال کے فروغ اور ترقی کیلئے یکجان ہوکر کام کرنے کا عزم

بدھ 4 جون 2025 17:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2025ء) پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے نائب صدور حافظ ذکاء اللہ، نوید اسلم لودھی اور ڈاکٹر محمد علی نے نو منتخب صدر محسن گیلانی کی قیادت میں پاکستان میں فٹ بال کے فروغ اور ترقی کیلئے یکجان ہوکر کام کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ حافظ ذکاء اللہ نے کہا کہ کھیل کو آگے بڑھانے کیلئے فیڈریشن تمام سٹیک ہولڈرز، کھلاڑیوں، کوچز، تکنیکی ماہرین سمیت فٹ بال برادری کو ساتھ لے کر چلے گی،صدر محسن گیلانی کی قیادت میں پاکستان فٹ بال کے منظر نامہ کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز رہے گی، فیڈریشن میں قومی سطح کی ہم آہنگی ہمارے روڈ میپ کا بنیادی اصول ہے۔

نوید اسلم لودھی نے انتخابی عمل کو مکمل کرنے پر نارملائزیشن کمیٹی کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ اب جبکہ صوبائی اور قومی سطح پر انتخابات مکمل ہو چکے ہیں ہماری توجہ کھیل کے ڈھانچے کی تعمیر نو پر مرکوز رہے گی، گزشتہ ایک دہائی میں کھیل کی ترقی کی کھوئی ہوئی رفتار کو بحال کرنے کیلئے مل کر کام کریں گے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر محمد علی نے مساوی صوبائی نمائندگی اور نچلی سطح پر زیادہ متحرک ہونے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان فٹ بال 2015 سے مسائل سے دوچار رہا ہے، تمام صوبوں کیلئے مواقع کو یقینی بنا کر اسے بحال کرنے کا وقت آگیا ہے۔

بلوچستان سے3 ایگزیکٹو کمیٹی اور 3 کانگریس اراکین حقیقی نمائندگی کی طاقت کو ظاہر کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نارملائزیشن کمیٹی کے پاکستان فٹ بال کنیکٹ اقدام کو کریڈٹ دینا چاہئے جس کی بدولت فٹ بال کے حقیقی سٹیک ہولڈرز کو جمہوری عمل میں حصہ لینے کا موقع ملا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات