اپوزیشن لیڈرعمرایوب کا اسپیکرکو خط، اپنے خلاف ریفرنس اور فیصلے کی تفصیل مانگ لیں

بدھ 4 جون 2025 20:29

اپوزیشن لیڈرعمرایوب کا اسپیکرکو خط، اپنے خلاف ریفرنس اور فیصلے کی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2025ء)قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے اسپیکر ایاز صادق کو خط لکھ کر اپنے خلاف دائر ریفرنس اور فیصلے کی تفصیلات مانگ لیں۔میڈیارپورٹ کے مطابق اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ ریفرنس کی قانونی و آئینی بنیاد، مصدقہ نقل اور کارروائی کا ریکارڈ فراہم کریں، الزام، نااہلی کے ریفرنس پر آئینی نکات،آرٹیکل 62، 63 کے تحت ریفرنس کی قانونی توجیہ فراہم کریں۔

عمر ایوب خان نے اسپیکر سے ریفرنس کی مکمل مصدقہ نقل اور شواہد مہیا کرنے کا مطالبہ کیا ہے جبکہ ریفرنس پر فیصلے کے دوران کی اندرونی کارروائی اور فائل نوٹنگز بھی مانگی ہیں۔انہوں نے تیسرے فریق کی درخواستوں کی بنیاد پر ریفرنس پر وضاحت طلب کی ہے، عمر ایوب نے کہا ہے کہ نوٹسز اور وضاحت کا موقع فراہم کرنے کی تفصیل فراہم کی جائے، آرٹیکل 63 (2) کے تحت اسپیکر کی صوابدیدی نظیریں بھی دی جائیں۔

(جاری ہے)

اپوزیشن لیڈر نے اپنے خط میں ریفرنس پر اسپیکر کی ذہنی تسلی ثابت نہ ہونے پر اعتراض کیا ہے، انہوں نے کہا ہے کہ قانونی عمل، شفافیت اور منصفانہ کارروائی کے لیے تفصیلات دیں، اپوزیشن لیڈر نے پارلیمانی وقار اور جمہوری اعتماد کی بنیاد پر ریکارڈ فوری فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔واضح رہے کہ بابر نواز نے عمر ایوب کے خلاف ریفرنس دائر کیا تھا، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے ریفرنس مزید کاروائی کیلیے الیکشن کمیشن کو بھجوا دیا تھا۔