سروسز ہسپتال کے ڈاکٹرز ہاسٹل میں آتشزدگی

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122کی فائربریگیڈ نے موقع پر پہنچ کر آگ بجھانے کا عمل شرو ع کر دیا، ابتدائی اطلاعات کے مطابق کسی جانی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 6 جون 2025 13:02

سروسز ہسپتال کے ڈاکٹرز ہاسٹل میں آتشزدگی
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06 جون 2025)سروسز ہسپتال کے ڈاکٹرز ہاسٹل میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122کی فائربریگیڈ نے موقع پر پہنچ کر آگ بجھانے کا عمل شرو ع کر دیا، ابتدائی اطلاعات کے مطابق کسی جانی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں، بتایا گیا ہے کہ شادمان کے علاقے میں ڈاکٹرز ہاسٹل کے ایک کمرے میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے کمرے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

آگ کے باعث کمرے میں دھواں بھر گیا۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پرپہنچ گیں اور انہوں نے آگ پر قابو پانے کیلئے امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ ریسکیو 1122 کے مطابق آگ بالائی منزل کے ایک کمرے میں لگی اور اسے درمیانی نوعیت کی آگ قرار دیا گیا ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی صوبائی دارالحکومت لاہور کے میو ہسپتال کی او پی ڈی میں آگ لگ گئی تھی۔

(جاری ہے)

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ گئے جنہوں نے آگ بجھانے کا عمل شروع کر دیا گیا تھا۔آگ کے باعث کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی تھی۔بتایا گیا تھا کہ لاہور کے میو ہسپتال کے یورالوجی وارڈ میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا تھا اس وقت وارڈ میں متعدد مریض اور عملہ موجود تھا جس کی وجہ سے ابتدائی طور پر بھگدڑ مچی اور لوگوں میں خوف و ہراس پیدا ہو گیاتھا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی فوری طور پر فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور چند منٹوں کے اندر آگ پر مکمل قابو پا لیا گیا تھا ۔ ترجمان ریسکیوکاکہنا تھا کہ آتشزدگی میں کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں ہوا تھا۔ ریسکیو حکام کا مزید یہ بھی کہنا تھا کہ آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی ریسکیو حکام نے موقع پر پہنچ کر فوری طور پرمریضوں کو وارڈ سے باہر نکالا گیا تھا۔

ہسپتال انتظامیہ کا کہنا تھا کہ آتشزدگی کی وجوہات کا تعین کرنے کیلئے تفتیش شروع کر دی گئی ہے اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے حفاظتی انتظامات مزید سخت کئے جائیں گے۔دوسری جانب مانگا رائیونڈ روڈ نزد سوشل سکیورٹی ہسپتال کے علاقے سے بھی آئل فیکٹری میں(بوائلر لیکج) میں آتشزدگی کی اطلاع موصول ہوئی ہے،واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ایمرجنسی 1122کی گاڑیاں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور انہیں نے آگ بجھانے کا عمل شروع کر دیا۔آگ کے باعث کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تھی ۔بعدازاں ریسکیو ٹیموں نے آ گ پر قابو پالیا تھا۔