Live Updates

راولپنڈی میں انسدادِ ڈینگی کے حوالے سے ضلعی ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کے اجلاس کا انعقاد

بدھ 4 جون 2025 22:30

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2025ء) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹرز عبداللہ خان کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس راولپنڈی میں ضلعی ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سی ای او ہیلتھ، ضلعی ہیلتھ افسران، اور متعلقہ محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس میں ڈینگی کی روک تھام اور کنٹرول کے حوالے سے موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ضلع راولپنڈی میں انڈور سرویلنس کے تحت یکم جنوری سے اب تک 3,036,721 گھروں کو چیک کیا گیا جن میں سے 12,452 گھروں میں ڈینگی لاروا کی موجودگی پائی گئی۔آؤٹ ڈور رپورٹ کے مطابق 725,976 مقامات کو چیک کیا گیا جن میں سے 2885 مقامات پر ڈینگی لاروا ملا۔ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سال 2025 میں مجموعی طور پر 533 ایف آئی آرز درج کی گئیں، 432 مقامات کو سیل کیا گیا، 1784 چالان کیے گئے اور 1074000 روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ معاشرے کے تمام طبقات انسداد ڈینگی مہم کا پیغام گھر گھر تک پہنچائیں۔انہوں نے کہا کہ یہ ہماری آنے والی نسلوں کا حق ہے کہ ہم انہیں ایک محفوظ، صحت مند اور خوشحال پاکستان دے کر جائیں،عوامی تعاون اس مہم کی کامیابی میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔اجلاس میں عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ انسداد ڈینگی ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔

انہوں نے تمام اداروں کو ہدایت کی کہ انسدادِ ڈینگی مہم کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ٹیم ورک اور ذمہ داری کے ساتھ کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی جانوں کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور ہر ممکن کوشش کی جائے گی کہ ڈینگی پر قابو پایا جا سکے۔ انہوں نے محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ سرویلنس اور پینیٹو ایکشن میں مزید بہتری لائی جائے اور عوامی شعور بیدار کرنے کے لیے آگاہی مہمات میں بھی تیزی لائی جائے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات