لاہور ہائیکورٹ، کوریئر کمپنی کی جانب سے سوا لاکھ روپے ہرجانے کی ڈگری کیخلاف اپیل خارج

بدھ 4 جون 2025 20:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2025ء) لاہور ہائیکورٹ نے کوریئر کمپنی کی جانب سے سوا لاکھ روپے ہرجانے کی ڈگری کے خلاف اپیل خارج کر دی۔دوران سماعت کوریئر کمپنی کی انتظامیہ موبائل فون سمیت پیش ہوئی،درخواست گزارگوجرانوالہ کے رہائشی بزرگ محمد صدیق گھمن نے موقف اختیار کیا کہ انہوں نے ایک لڑکی کو فون بھیجنے کے لیے کوریئر کمپنی کی خدمات حاصل کیں۔

(جاری ہے)

بعد ازاں معلوم ہوا کہ لڑکی دراصل لڑکا ہے جو ان سے لڑکی بن کر بات کرتا رہا۔کوریئر کمپنی کے موقف کے مطابق نمائندے نے معلومات حاصل کرنے کے بعد بزرگ شہری کو اصل صورتحال سے آگاہ کیا اور فون واپس دینے کی کوشش کی تاہم محمد صدیق فون واپس لینے کے بجائے بضد رہے کہ فون لڑکی تک ہی پہنچایا جائے۔بزرگ شہری نے اس رویے پر کوریئر کمپنی کے خلاف عدالت سے رجوع کیا،جہاں سے انہیں سوا لاکھ روپے ہرجانے کی ڈگری حاصل ہوئی۔کمپنی کی جانب سے اس فیصلے کو چیلنج کیا گیا تھا،جسے لاہور ہائیکورٹ نے خارج کرتے ہوئے ڈگری کو برقرار رکھا۔