القریش ہسپتال حیدرآباد میں جاوا اینڈ فیس اکیڈمی کے زیرِ اہتمام منہ کے کینسر کی آگاہی اور فری اسکریننگ کیمپ

بدھ 4 جون 2025 21:50

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2025ء) جاوا اینڈ فیس اکیڈمی کے زیرِ اہتمام القریش ہسپتال حیدرآباد میں منہ کے کینسر کی آگاہی، اسکریننگ اور طبی معائنے کے لیے ایک روزہ مفت کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ کیمپ کی قیادت معروف کنسلٹنٹ اورل اینڈ میکسلوفیشل سرجن ڈاکٹر ارسلان محمود اور ان کی ٹیم نے کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر ارسلان محمود نے بتایا کہ اس کیمپ کا مقصد عوام میں منہ کے کینسر کی بروقت تشخیص، بچاؤ اور مؤثر علاج سے متعلق آگاہی کو فروغ دینا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کیمپ میں نہ صرف مریضوں کا معائنہ کیا گیا بلکہ ٹیم ممبران اور والنٹیئرز کو بھی تربیت فراہم کی گئی تاکہ وہ کمیونٹی میں آگاہی مہم کا حصہ بن سکیں۔ ڈاکٹر ارسلان کے مطابق، القریش اسپتال میں منعقدہ یہ تیسرا کیمپ تھا جس میں تقریباً 50 مریضوں کی اسکریننگ کی گئی، 7 مریضوں کے بایوپسی نمونے لیے گئے اور 2 مریضوں کو مفت سرجری کے لیے منتخب کیا گیا۔

(جاری ہے)

تقریب کے موقع پر جاوا اینڈ فیس اکیڈمی کی جانب سے القریش ہسپتال کی انتظامیہ، بالخصوص سربراہِ انتظامیہ حاجی اسحاق قریشی اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر یوسف قریشی کا خصوصی شکریہ ادا کیا گیا جن کے تعاون سے کیمپ کامیابی سے ممکن ہو سکا۔ اس موقع پر ڈپٹی میئر حیدرآباد صغیر قریشی نے بھی کیمپ کا دورہ کیا اور اس اہم اقدام کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ صحت سے متعلق ایسے فلاحی اقدامات شہر کے عوام کے لیے نہایت مفید اور قابلِ تقلید ہیں۔ ڈاکٹر ارسلان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جاوا اینڈ فیس اکیڈمی اپنی کمیونٹی پر مبنی اس جدوجہد کو جاری رکھتے ہوئے حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں 200 سے زائد مفت کیمپ منعقد کرے گی تاکہ منہ کے کینسر کے خلاف بروقت جدوجہد کی جا سکے۔

متعلقہ عنوان :