-آج ماحولیات کے عالمی دن کے موقع پرہم سب کو اس امر کا عہد کرنا ہوگا کہ ہم اپنی سرزمین، فضا، پانی اور قدرتی وسائل کی حفاظت کو اپنی اولین ترجیح بنائیں گے

بدھ 4 جون 2025 22:35

ئ*کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 جون2025ء)ڈائریکٹر جنرل ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی بلوچستان محمد ابراہیم بلوچ نے ماحولیات کے عالمی دن کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ آج ماحولیات کے عالمی دن کے موقع پرہم سب کو اس امر کا عہد کرنا ہوگا کہ ہم اپنی سرزمین، فضا، پانی اور قدرتی وسائل کی حفاظت کو اپنی اولین ترجیح بنائیں گے۔

انہوں نے یوم ماحولیات کے دن کی مناسبت سے عوام سے اپیل۔کی کہ وہ اپنے روزمرہ کاموں میں پلاسٹک بیگز کے استعمال کومکمل طور پر ختم کرکے اس کے متبادل کپڑے ،کاغذ اور دیگر اشیا کا استعمال کریں تاکہ پلاسٹک بیگز کی وجہ سے ماحول میں جو الودگی پیدا ہو رہی ہے اس پر قابو پایا جاسکے اس ضمن میں محکمہ ماحولیات کی ٹیم بھی شاپنگ بیگ کے حوالے سے موثر کاروائیاں روزانہ کی بنیاد پر کر رہی ہیں انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی سرزمین قدرتی خوبصورتی، حیاتیاتی تنوع اور معدنی وسائل سے مالا مال ہے، لیکن ان سب کی بقا اور تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس سال عالمی دن کا موضوع ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ماحولیاتی چیلنجز جیسے موسمیاتی تبدیلی، جنگلات کی کٹائی، آلودگی اور حیاتیاتی تنوع کے نقصانات سے نمٹنے کے لیے ٹھوس اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ محکمہ ماحولیات بلوچستان ،عوام، سول سوسائٹی، تعلیمی اداروں، صنعتوں اور میڈیا کے ساتھ مل کر ایک سرسبز، صاف اور پائیدار بلوچستان کی تعمیر کے لیے کوشاں ہے۔

انہوں نے تمام شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ماحول دوست طرز زندگی اپنائیں، درخت لگائیں، پانی اور توانائی کی بچت کریں اور پلاسٹک کا کم سے کم استعمال کریں۔ انہوں نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ آئیں ہم سب مل کر ایک ایسا مستقبل بنائیں جہاں ہماری آنے والی نسلیں نایک محفوظ، صاف اور صحت مند ماحول میں زندگی گزار سکیں۔