سموگ کیس سماعت،پانی سے بچاو، درختوں کی کٹائی، فصلوں کی باقیات اور واٹر ٹریٹمنٹ سے متعلق رپورٹس طلب

جمعرات 5 جون 2025 10:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2025ء) لاہور ہائیکورٹ نے سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے تدارک کے حوالے سے دائر درخواستوں پر تحریری حکم نامے میں پنجاب حکومت اور اس کے متعلقہ اداروں سے پانی کے ضیائع سے بچاو، درختوں کی کٹائی، فصلوں کی باقیات اور واٹر ٹریٹمنٹ سے متعلق رپورٹس طلب کرلی۔ عدالت نے حکم دیا ہے کہ آئندہ سماعت پر پانی کے ضیاع سے بچاو اور اس کے موثر استعمال کے حوالے سے جامع رپورٹ پیش کی جائے۔

عدالت نے پانی کے میٹرز کی تنصیب کے حوالے سے محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ (پی اینڈ ڈی)سے بھی تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سموگ کے تدارک کیس میں ہارون فاروق ، اظہر صدیق سمیت دیگر کی ایک ہی نوعیت کی دائر درخواستوں پر گذشتہ سماعت کا عبوری تحریری حکم نامہ جاری کیا۔

(جاری ہے)

عدالت نے عبوری حکم نامے میں کہا ہے کہ ممبر جوڈیشل واٹر کمیشن نے درختوں کی کٹائی سے متعلق رپورٹ عدالت میں پیش کی، جس میں بتایا گیا کہ غیر قانونی کٹائی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائیاں عمل میں لائی جا چکی ہیں، رپورٹ میں پنجاب بھر میں نئے درخت لگانے سے متعلق اقدامات کا بھی تذکرہ کیا گیا، جس پر عدالت نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مزید پیشرفت رپورٹ طلب کر لی جبکہ موٹر وے پولیس نے فصلوں کی باقیات جلانے کے خلاف اپنی رپورٹ عدالت میں جمع کروائی، جس میں بتایا گیا کہ اس عمل کو روکنے کے لیے موثر اقدامات کیے جا رہے ہیں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔

عدالت نے قصور میں واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی بحالی کے لیے فوری اقدامات کا حکم دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر قصور کو ہدایت کی کہ پلانٹ کی بحالی قلیل مدت میں مکمل کی جائے۔اسی طرح عدالت نے باغِ جناح لاہور میں زیر زمین واٹر ٹینک کی فوری بحالی کا بھی حکم دیا اور متعلقہ حکام کو آئندہ سماعت پر اس حوالے سے رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت جاری کی۔