Live Updates

عید الاضحیٰ ،متحدہ عرب امارات میں 2471 قیدیوں کی رہائی کا حکم

جمعرات 5 جون 2025 11:00

ابو ظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2025ء) متحدہ عرب امارات میں عید الاضحیٰ کی مناسبت سے2471 قیدیوں کو رہا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ العربیہ اردو کے مطابق یہ اقدام حکومت کی اس خواہش کا مظہر ہے کہ قانون شکنی کے باعث سزا پانے والے افراد کو ایک بار پھر معاشرے کا کارآمد فرد بننے کا موقع دیا جائے۔ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید نے 963 ایسے قیدیوں کی رہائی کا حکم دیا ہے جنہیں مختلف مقدمات میں سزائیں سنائی گئی تھیں۔

اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے ان افراد پر عائد مالی جرمانے بھی خود ادا کیے ہیں تاکہ وہ عید کے پرمسرت موقع پر نئی زندگی کی شروعات کرسکیں۔ اسی طرح نائب صدر اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد نے بھی 985 قیدیوں کی رہائی کا اعلان کیا ہے، جو مختلف قومیتوں سے تعلق رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

ان قیدیوں کی رہائی کے لیے دبئی کی پبلک پراسیکیوشن نے فوری اقدامات کا آغاز کر دیا ہے اور دبئی پولیس کے ساتھ مربوط طور پر کام جاری ہے۔

دوسری جانب راس الخیمہ کے حکمران سعود القاسمی نے 411 قیدیوں کی رہائی کا حکم دیا ہے، جن پر مختلف مقدمات تھے اور جو رہائی کے لیے شرائط پر پورا اترتے تھے۔ اسی طرح فجیرہ کے سربراہ شیخ حمد الشرقی نے بھی 112 ایسے قیدیوں کو رہا کرنے کی منظوری دی ہے جو نیک رویے کے حامل تھے اور رہائی کے لئے اہل قرار دیئے گئے۔ متحدہ عرب امارات کے صدر کے اس انسان دوست اقدام کو ایک نئی زندگی کی شروعات کے لیے موقع، خاندانی رشتوں کو مضبوط بنانے اور معاشرے میں عفو و درگزر کے جذبے کو فروغ دینے کی ایک کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
Live عید الاضحیٰ سے متعلق تازہ ترین معلومات