وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ کی نااہلی کیلئے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر

لاہور بار ایسوسی ایشن کو 5 کروڑ روپے فنڈ دینے کے فیصلے پر علی امین گنڈاپور کیخلاف نااہلی کیلئے درخواست دائر کی گئی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 5 جون 2025 11:26

وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ کی نااہلی کیلئے الیکشن کمیشن میں درخواست ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 جون 2025ء ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور کی نااہلی کیلئے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور بار ایسوسی ایشن کو 5 کروڑ روپے فنڈ دینے کے فیصلے پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور کے خلاف نااہلی کے لیے درخواست دائر کی گئی ہے، اس مقصد کے لیے آئینی درخواست پشاور سے تعلق رکھنے والے وکیل ارسلان آفریدی ایڈووکیٹ نے جمع کرائی ہے۔

درخواست گزار کا مؤقف ہے کہ علی امین گنڈاپور نے صوبائی کابینہ سے منظوری حاصل کرکے پنجاب کے ایک نجی ادارے لاہور بار ایسوسی ایشن کو 5 کروڑ روپے کا فنڈ جاری کرنے کا فیصلہ کیا جو آئین، قانون اور عدالتی فیصلوں کی کھلی خلاف ورزی ہے، دوسرے صوبے کے بار ایسوسی ایشن کو فنڈ دینا رشوت اور سیاسی فائدے حاصل کرنے کی کوشش کے زمرے میں آتا ہے، یہ عمل صوبے کی امانت میں خیانت ہے۔

(جاری ہے)

درخواست میں کہا گیا ہے کہ خیبرپختونخواہ کے عوام پہلے ہی شدید معاشی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، ایسے میں صوبائی خزانے کو کسی اور صوبے میں سیاسی بنیادوں پر استعمال کرنا غیرقانونی اور غیرآئینی ہے، این ایف سی ایوارڈ اور آئین کے تحت سوائے ہنگامی صورتحال یا کسی قدرتی آفت کے صوبائی وسائل کا استعمال صرف متعلقہ صوبے کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ہو سکتا ہے لہٰذا لاہور بار کو دیا گیا فنڈ ان تمام تقاضوں سے متصادم ہے۔

وکیل نے الیکشن کمیشن کو دی جانے والی درخواست میں مطالبہ کیا ہے کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو ان کے اس اقدام پر فوری طور پر نااہل قرار دیا جائے، صوبائی اسمبلی کی رکنیت سے ڈی نوٹیفائی کیا جائے اور ان کے خلاف آئین و قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے کیوں کہ عوامی نمائندوں کا فنڈز کا غیرقانونی استعمال ناصرف ان کی نااہلی کا سبب بن سکتا ہے بلکہ یہ عوام کے اعتماد اور ریاستی نظام پر بھی ضرب ہے۔