وفاقی وزیر قومی ورثہ اورنگزیب کھچی سے وفاقی وزیر آبی وسائل معین وٹو کی ملاقات، بلوچستان اور پنجاب میں پانی کے مسائل پر تبادلہ خیال

جمعرات 5 جون 2025 12:26

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2025ء) وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت محمد اورنگزیب خان کھچی سے وفاقی وزیر برائے آبی وسائل میاں محمد معین وٹو اور سابق وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی چنگیز خان جمالی نے ملاقات کی جس میں بلوچستان اور پنجاب میں پانی کے مسائل اور قبل از وقت سیلاب سے بچاؤ کے اقدامات بارے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزارت قومی ورثہ و ثقافت کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں وفاقی وزیر میاں محمد معین وٹو نے اس بات پر زور دیا کہ پانی کی تقسیم کے لئے موجودہ فارمولے کے مطابق ہر صوبے کو اس کا حصہ دیا جائے گااور کسی صوبے کا پانی دوسرے صوبے کو منتقل نہیں کیا جائے گا۔وفاقی وزیر اورنگزیب خان کھچی نے کہا کہ ثقافتی ورثے کے تحفظ کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی تحفظ بھی ہماری ذمہ داری ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سیلاب سے بچاؤ کے لئے پیشگی اقدامات اور آبی وسائل کا مؤثر استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے۔سابق وفاقی وزیر چنگیز خان جمالی نے کہا کہ وفاقی حکومت کو صوبوں کے ساتھ مل کر جامع حکمت عملی تیار کرنی چاہیے تاکہ ان مسائل کا پائیدار حل نکالا جا سکے۔ملاقات کے دوران تینوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پانی کے مسائل اور سیلاب سے بچاؤ کے لئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان قریبی تعاون اور مربوط حکمت عملی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر ان مسائل کا حل تلاش کیا جائے گا تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کم کی جا سکیں۔