سات روز کے دوران مشاعر مقدسہ میں 59 لاکھ مکعب میٹر پانی فراہم

چار ہزار سینسرز سے مشاعر مقدسہ میں کمانڈ سینٹر کو پانی کے پمپنگ کا ڈیٹا منتقل کیا جا رہاہے،حکام

جمعرات 5 جون 2025 13:23

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2025ء)سعودی عرب میں حج کے دوران مشاعر مقدسہ میں پانی کی فراہمی کے لیے بھرپور تیاریاں جاری ہیں۔ حج کے لیے بنائے گئے واٹر سسٹم نے ذی الحجہ کے پہلے سات دنوں میں 5918544 مکعب میٹر پانی پمپ کیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق حج سیزن کے عروج سے قبل آپریشنل تیاریوں میں تیزی کی عکاسی کرتا ہے۔ یہ سسٹم اپنی مکمل صلاحیت کے ساتھ کام کر رہا ہے تاکہ تمام مشاعر مقدسہ اور مکہ مکرمہ تک پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

یہ کارکردگی ایک مربوط آپریشنل منصوبے کا حصہ ہے جو یومیہ 1.2 ملین مکعب میٹر سے زیادہ کی پیداواری اور منتقلی کی صلاحیت پر مبنی ہے۔ ایک ملین مکعب میٹر سے زیادہ پانی کی پمپنگ کی جاتی ہے جو مہمانانِ رحمن کو تمام اہم مقامات پر پانی کی مسلسل فراہمی اور سروس کی بھروسے کو یقینی بناتا ہے۔

(جاری ہے)

نیشنل واٹر کمپنی کا حج سیزن مانیٹرنگ اینڈ کنٹرول سینٹر حج سیزن کے دوران 24 گھنٹے اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہے، جس کا مقصد مشاعر میں آپریشنل واقعات کی پیشگی پیشن گوئی کرنا، ٹینکوں میں پانی کی سطح کی نگرانی کرنا، اور پانی کی تقسیم کے آپریشنل کاموں کی نگرانی کرنا ہے۔

نیشنل واٹر کمپنی میں مشاعر مقدسہ کے آپریشنز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر انجینئر محمد الشہری نے زور دیا کہ مانیٹرنگ سینٹر تمام آپریشنل واقعات کو فیلڈ ٹیموں کو منتقل کرتا ہے جو اہم مقامات پر تعینات ہیں تاکہ فوری کارروائی کی جا سکے۔ یہ سب مخصوص آپریشنل منصوبوں اور ایسے طریقوں کے تحت ہوتا ہے جو کاموں کے معیار کو یقینی بناتے ہیں۔