پاکستان سوشل سینٹر شارجہ میں جشنِ آزادی کی پروقار تقریب

پاکستانی کمیونٹی کا وطن سے والہانہ اظہارِ محبت

aijaz ahmad gondal اعجاز احمد گوندل پیر 18 اگست 2025 15:30

پاکستان سوشل سینٹر شارجہ میں جشنِ آزادی کی پروقار تقریب
شارجہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 اگست 2025ء ) شارجہ کے پاکستان سوشَل سینٹر میں پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستانی کمیونٹی نے بھرپور ملی جوش و جذبے کے ساتھ شرکت کی۔ تقریب کا آغاز متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے قومی ترانوں سے ہوا، جس کے بعد ماحول پاکستانیت کے رنگوں میں ڈھل گیا۔

اس موقع پر مہمانِ خصوصی پاکستان قونصل خانہ دبئی کے قونصل جنرل حسین محمد تھے۔ پاکستان سوشَل سینٹر شارجہ کے صدر خالد حسین چوہدری، بورڈ آف ڈائریکٹرز، سماجی و کاروباری شخصیات اور کمیونٹی کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔ تقریب کی نظامت صائمہ نقوی نے نہایت خوبصورت انداز میں کی۔ پروگرام میں اسکول کے بچوں نے ملی نغمے اور ٹیبلوز پیش کر کے پاکستان کی ثقافت اور روایات کو اجاگر کیا۔

(جاری ہے)

بچوں کے درمیان تقریری مقابلے بھی منعقد ہوئے جبکہ نمایاں کارکردگی دکھانے والے پاکستانی اسکولوں کے طلبہ کو تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔ تقریب میں پاکستانی گلوکاروں نے لائیو پرفارمنس کر کے محفل کو چار چاند لگا دیے۔ قونصل جنرل حسین محمد نے اس موقع پر پاکستانی کمیونٹی سے خصوصی خطاب کیا اور یومِ آزادی کی مبارکباد پیش کی۔ آخر میں قونصل جنرل نے دیگر مہمانوں کے ہمراہ پاکستان کی آزادی کی 78ویں سالگرہ کا کیک کاٹا۔ تقریب کے اختتام پر پاکستانی کھانوں کے اسٹالز نے شرکاء کو وطن کے روایتی ذائقوں کی یاد دلا دی۔