عارف علوی کے اکاؤنٹ سے 10 لاکھ روپے تک نکلوانے کی اجازت دیدی گئی

تفتیشی افسر آئندہ سماعت پر متعلقہ ریکارڈ کے ہمراہ اپنی پیشی یقینی بنائیں،سندھ ہائی کورٹ آئینی بینچ

جمعرات 5 جون 2025 16:46

عارف علوی کے اکاؤنٹ سے 10 لاکھ روپے تک نکلوانے کی اجازت دیدی گئی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2025ء)سندھ ہائی کورٹ کے آئینی بینچ نے سابق صدر عارف علوی کے اکاؤنٹ سے 10 لاکھ روپے تک نکلوانے کی اجازت دے دی۔عارف علوی کے بینک اکاؤنٹس سربمہر کرنے کے کیس میں ڈائریکٹر نیشنل سائبر کرائم ایجنسی وقار احمد عدالت میں پیش ہوئے۔دوران سماعت وقار احمد نے کہا کہ جواب جمع کروانے کیلیے مہلت دی جائے۔

(جاری ہے)

جسٹس کے کے آغا نے وقار احمد سے کہا کہ یہ تاخیری ہتھکنڈے ہیں، عدالت خوب سمجھتی ہے۔درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ سابق صدر عارف علوی، ان کی اہلیہ اور بچوں کے بینک اکاؤنٹس منجمد کر دیے گئے ہیں۔سندھ ہائی کورٹ کے آئینی بینچ نے حکم دیتے ہوئے کہا کہ تفتیشی افسر آئندہ سماعت پر متعلقہ ریکارڈ کے ہمراہ اپنی پیشی یقینی بنائیں۔جس کے بعد عدالت نے عارف علوی کے اکاؤنٹ سے 10 لاکھ روپے تک نکلوانے کی اجازت دیتے ہوئے آئندہ سماعت 19 جون کیلیے ملتوی کردی۔