فیصل آباد،تھانہ مدینہ ٹائون کے علاقہ کینال روڈ پر لائلپور گیلریا کے قریب تیز رفتار کار بیریئر سے ٹکرانے کے بعد الٹ گئی

جمعرات 5 جون 2025 22:11

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 جون2025ء) تھانہ مدینہ ٹائون کے علاقہ کینال روڈ پر لائلپور گیلریا کے قریب تیز رفتار کار بیریئر سے ٹکرانے کے بعد الٹ گئی‘ جس میں سوار جی سی یونیورسٹی کی طالبہ جاں بحق‘ نوجوان بری طرح زخمی ہو گیا، جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال داخل کروا دیا گیا‘ پولیس نے نعش تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی۔

(جاری ہے)

بتایا جاتا ہے کہ جی سی یونیورسٹی کی طالبہ 24سالہ ایمن دختر عابد علی سکنہ گوجرانوالہ اپنے عزیز بلال ولد اکبر سکنہ گوبند پورہ کے ساتھ کار میں سوار ہو کر جا رہی تھی کہ جب وہ کینال روڈ پر لائلپور گیلریا کے قریب پہنچے تو تیز رفتاری کے باعث کار بیریئر سے ٹکرانے کے بعد بے قابو ہو کر الٹ گئی جس میں سوار جی سی یونیورسٹی کی طالبہ ایمن جاں بحق اور نوجوان بری طرح زخمی ہو گیا۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر نعش کو تحویل میں لیکر زخمی نوجوان کو تشویشناک حالت میں ہسپتال داخل کروا دیا، پولیس مصروف تفتیش ہے۔