ٹک ٹاکر ثنا ء یوسف کے قتل کے تناظر میں نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے ایڈوائزری جاری کردی

جمعرات 5 جون 2025 22:41

ٹک ٹاکر ثنا ء یوسف کے قتل کے تناظر میں نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2025ء)ٹک ٹاکر ثنا ء یوسف کے قتل کے تناظر میں نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے ڈیجیٹل تخلیق کاروں کے لیے ایڈوائزری جاری کردی۔ایڈوائزری میں ٹاک ٹاکرز، وی لاگرز، انفلوئنسرز اور بلاگرز سے کہا گیا ہے کہ وہ محتاط رہیں۔ لائیو اسٹریمنگ کی لوکیشن ظاہر کرنے، سوشل میڈیا پر ہر کسی کو دوست بنانے اور مشکوک دعوتوں سے جانے سے گریز کریں،حقیقی دنیا میں بھی محتاط رہیں۔

ایڈوائز ری کے مطابق تخلیق کار اپنی ڈیجیٹل موجودگی محفوظ، مثبت اور ذمہ دارانہ انداز میں برقرار رکھیں، ذاتی اور ڈیجیٹل تحفظ یقینی بنانے کے لیے نیشنل سرٹ کی ہدایات پر عمل کریں، شناخت اور خیالات کے باعث آپ کو آن لائن اور حقیقی دنیا میں خطرات ہوسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈیجیٹل تخلیق کاروں سے کہا گیا ہے کہ ڈیپ فیک ٹیکنالوجی کے ذریعے آپ کی جعلی آڈیو یا ویڈیو آئے تو فوری تردید کریں، سوشل میڈیا اکانٹس پر ملٹی فیکٹر تصدیق اور مضبوط پاس ورڈز لگائیں، سوشل میڈیا اکانٹس کی پرائیویسی سیٹنگز کریں،مشکوک لنک نہ کھولیں۔

نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم کا کہنا ہے کہ انفلوئنسرز لائیو اسٹریمز یا پوسٹس میں اپنی موجودہ لوکیشن ظاہر کرنے سے گریز کریں، سوشل میڈیا پر ہر شخص کو دوست بنانے سے گریز کریں۔ اپنے پلیٹ فارم پر آنے والے تبصروں اور پیغامات کی باقاعدہ نگرانی کریں، غیر اخلاقی یا نامناسب تبصرے فوری بلاک اور متعلقہ پلیٹ فارمز پر رپورٹ کریں۔