ةملک کے موجودہ سنگین حالات کے پیش نظر عوامی نیشنل پارٹی کا عیدالاضحیٰ سادگی سے منانے کا اعلان

جمعرات 5 جون 2025 20:10

ڈ* پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 جون2025ء)عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر ایمل ولی خان نے پارٹی کے مرکزی و صوبائی قائدین سے مشاورت کے بعد اعلان کیا ہے کہ اے این پی امسال بھی عیدالاضحیٰ سادگی سے منائے گی۔ یہ فیصلہ ملک میں جاری امن و امان کے مخدوش صورتحال، معاشی بدحالی، مہنگائی اور عوامی مشکلات کے پیش نظر کیا گیا ہے، تاکہ عوام کے ساتھ عملی یکجہتی کا اظہار کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

اپنے جاری کردہ بیان میں ایمل ولی خان نے پارٹی رہنماؤں اور کارکنان پر زور دیا ہے کہ وہ عید کے موقع پر اپنے علاقوں میں مستحقین، غربائ ، مساکین اور نادار طبقے کا خصوصی خیال رکھیں، تاکہ وہ بھی خوشیوں میں شریک ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی خوشی تبھی ممکن ہے جب ہم دوسروں کی ضرورتوں کا احساس کریں اور ان کی مدد کو اپنا فرض سمجھیں۔ ایمل ولی خان نے مزید کہا کہ موجودہ حالات روایتی اور بڑے اجتماعات کے متحمل نہیں، اس لیے عوامی نیشنل پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر بڑے اجتماعات سے گریز کیا جائے۔ اسی تناظر میں ولی باغ چارسدہ میں بھی عید کے موقع پر نہ کوئی روایتی اجتماع ہوگا اور نہ ہی عید ملن تقریب منعقد کی جائے گی۔