لاہور ہائیکورٹ ، سلاٹر ہائوس نہ بنانے پر توہین عدالت کی درخواست پر نوٹس جاری

جمعرات 5 جون 2025 21:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2025ء) لاہور ہائیکورٹ نے لاہور کے علاقہ مانگا منڈی میں سلاٹر ہائوس نہ بنانے پر پنجاب ایگریکلچر اینڈ میٹ کمپنی کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر نئے فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے ، جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے درخواست گزار شیخ لطیف شاہد کی درخواست پر سماعت کی جس میں موقف اختیار کیا کہ مانگا منڈی میں سلاٹر ہائوس نہ ہونے سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا ہے، قصابوں نے گھروں اور سڑک کے کناروں پر سلاٹر ہائوس قائم کر لئے ہیں، عدالت نے غیر قانونی سلاٹرنگ روکنے کی ہدایت کی، عدالتی حکم کے باوجود پنجاب میٹ کمپنی نے سلاٹر ہائوس بنانے کی درخواست پر کارروائی نہیں کی، عدالتی حکم پر عمل درآمد نہ کرنا توہین عدالت ہے، استدعا ہے کہ عدالت مانگا منڈی میں سلاٹر ہائوس بنانے کیلئے اقدامات کا حکم دے، عدالت پنجاب میٹ کمپنی حکام کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کرے۔