جامعہ بلوچستان کے اساتذہ کوتک تنخواہوں ،پنشنز کی عدم ادائیگی قابل مذمت ہے،ڈاکٹر کلیم اللہ بڑیچ ، پروفیسر رحمت اللہ

جمعرات 5 جون 2025 21:10

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2025ء)اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن جامعہ بلوچستان و فپواسا بلوچستان چیپٹر کے صدر پروفیسر ڈاکٹر کلیم اللہ بڑیچ، فپواسا کے مرکزی و ایایس اے کے جنرل سیکرٹری فریدخان اچکزئی , نائب صدر ڈاکٹر شبیر احمد شاہوانی، جوائنٹ سیکرٹری میڈم زہرا ملغانی، فنانس سیکرٹری پروفیسر ڈاکٹر صاحبزادہ باز محمد کاکڑ، پریس سیکرٹری رحمت اللہ اچکزئی ایگزیکٹیو ممبران ارباب رضا کاسی، میڈم فرحانہ عمر مگسی، ڈاکٹر محب اللہ کاکڑ، ڈاکٹر گل محمد بلوچ اور پروفیسر مسعود مندوخیل نے اپنے ایک مذمتی بیان میں کہا کہ جامعہ بلوچستان کے اساتذہ کرام اور آفیسران کو ایک بار پھر عید قربان پر تنخواہوں اور پنشنز سے محروم رکھا گیا۔

بیان میں واضح کیا کہ صوبائی حکومت و ایچ ای سی اپنی تمام مراعات کے ساتھ عید سے قبل مئی کی تنخواہوں اور پنشنز سے مستفید ہوئے لیکن اساتذہ کرام کو عید کی خوشیوں سے محروم رکھ کر وزیراعلٰی بلوچستان، وزیر تعلیم و خزانہ، ایچ ای سی و صوبائی حکومت کی افسر شاہی لطف اندوز ہورہے ہیں۔

(جاری ہے)

بیان میں حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معلوم نہیں صوبائی حکومت و ایچ ای سی کیوں یونیورسٹی آف بلوچستان سمیت دیگر یونیورسٹیوں کے اساتذہ کرام کے بنیادی حق ماہانہ تنخواہوں اور پنشنز کو بند کرنے کے درپے ہیں ، ایک طرف بروقت تنخواہوں اور پنشنز کی ادائیگی نہیں کی جارہی دوسری طرف صوبائی حکومت یونیورسٹی آف بلوچستان سمیت دیگر یونیورسٹیوں کے منظور شدہ الاونسز ختم کرنے کے درپے ہیں جس سے کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔

بیان میں یونیورسٹی آف بلوچستان کی انتظامی سربراہ سے اپیل کیا کہ ہر صورت صوبائی حکومت سے اساتذہ کرام اور آفیسران کی تنخواہوں اور پنشنز کیلئے فنڈز عید سے قبل یقینی بنائے۔ بیان میں اس عزم کا اظہار کیا کہ اگر صوبائی حکومت یونیورسٹیوں کے منظور شدہ الاونسز کے خاتمے کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا اور تنخواہوں اور پنشنز کی ادائیگی کا مستقل حل نہیں نکالا تو اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشنز جامعات بلوچستان فپواسا و گرینڈ الائنس کی پلیٹ فارم سے کلاسسز بائیکاٹ اور قلم چھوڑ ہڑتال شروع کرے گی۔

متعلقہ عنوان :