Live Updates

پی ٹی اے کا کلونڈ موبائل فونز کی غیر قانونی فروخت کے خلاف چھاپہ، دکاندار گرفتار

جمعرات 5 جون 2025 21:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2025ء) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے)کے زونل آفس فیصل آباد نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) فیصل آباد کے ساتھ مل کر ڈی-گراؤنڈ ڈریگن مال موبائل مارکیٹ میں واقع ایک موبائل شاپ پر کامیاب چھاپہ مارا۔جمعرات کو یہاں جاری بیان کے مطابق چھاپے کے دوران دو کلونڈ موبائل فونز قبضے میں لے لئے گئے جبکہ دکاندار کو جعلی موبائل فونز کی غیر قانونی فروخت میں ملوث پایا گیا جسے این سی سی آئی اے کی جانب سے حراست میں لے لیا گیا ۔

(جاری ہے)

تاہم دیگر غیر قانونی ڈیوائسز کی برآمد گی کے لئےمزید تحقیقات جاری ہیں۔ پی ٹی اے کی موبائل فون کے شناختی نمبرز (آئی ایم ای ائی) میں غیر قانونی ٹیمپرنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی ہے۔ کلون شدہ ڈیوائسز اورآئی ایم ای ائی ٹیمپرنگ قومی سلامتی کے لئے خطرے کے ساتھ ساتھ مجرمانہ سرگرمیوں، مالی فراڈ، اغوا اور دیگر جرائم کے فروغ کا بھی باعث بنتی ہیں۔‎پی ٹی اے کی جانب سے عوام الناس کو کہا جاتا ہے کہ وہ کلونڈ یا ٹیمپرڈ موبائل فونز سے متعلقہ کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع دیں۔ ریگولیٹری اقدامات کو مزید مؤثر بناتے ہوئے خلاف ورزی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات