Live Updates

عیدالاضحی پر شہریوں کی سہولت کے لیے بی ڈبلیو ایم سی کی جانب سے ویسٹ بیگز کی مفت فراہمی

جمعرات 5 جون 2025 22:20

بھاولپور 05 جون (اے پی پی) (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2025ء) چیف ایگزیکٹو آفیسر بہاولپور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی محمد نعیم اختر نے کہا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر شہریوں کو جانوروں کی باقیات ماحولیاتی اصولوں کے تحت محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگانے کے لیے کمپنی کی جانب سے گھر گھر مفت ماحول دوست ویسٹ بیگز کی تقسیم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

شہر کی صفائی اور صحت عامہ کو برقرار رکھنے کے لیے شہری ان بیگز کا استعمال یقینی بنائیں۔انہوں نے محمدیہ کالونی میں رہائشیوں کو ان کی دہلیز پر ویسٹ بیگز فراہم کیے۔انہوں نے بتایا کہ شہر کی تمام یونین کونسلز میں گھر گھر بیگز کی تقسیم کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے اور یہ سلسلہ عید سے ایک روز قبل تک جاری رہے گا۔انہوں نے بتایا کہ بہاولپور شہر میں 1 لاکھ شہریوں کو بیگز مہیا کیے جائیں گے جبکہ ڈویژن کے دیگر شہروں میں تقریباً 15 لاکھ ویسٹ بیگز نجی کنٹریکٹرز کے ذریعے تقسیم کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ سپروائزری سٹاف گھر گھربیگز کی فراہمی یقینی بنائے گا اور واضح نشاندہی کے لیے دروازوں پر اسٹیکرز بھی چسپاں کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ اگر کسی شہری کو گھر بیگز موصول نہ ہوں تو وہ عید کے تینوں ایام میں اپنے قریبی عید کیمپ سے بھی ویسٹ بیگز حاصل کر سکتے ہیں۔سی ای او نے شہریوں سے کہا ہے کہ ان ویسٹ بیگز میں جانوروں کی باقیات کے سوا کوئی اور چیز ہرگز نہ ڈالیں کیونکہ یہ خاص کیمیکل سے تیار کیے گئے ہیں، جو آلائشوں کو گلنے سڑنے میں مدد کرتے ہیں۔علاوہ ازیں چیف ایگزیکٹو آفیسر بہاولپور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی محمد نعیم اختر نے ماحولیات کے عالمی دن کے موقع پر شہریوں کو پلاسٹک کی خالی بوتلوں کے عوض ماحول دوست پودے بھی تقسیم کیے۔
Live عید الاضحیٰ سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :