Live Updates

راولپنڈی، عید الاضحیٰ کے موقع پر صفائی اور دیگر انتظامات کے حوالے سے اجلاس

جمعرات 5 جون 2025 23:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2025ء) کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک کی زیر صدارت عید الاضحیٰ کے موقع پر صفائی اور دیگر انتظامات کے حوالے سے اجلاس ہوا۔کمشنرنے عید کے دنوں میں صفائی کے انتظامات کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے سختی سے ہدایت دی کہ قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو سڑکوں پر نہ چھوڑا جائے اور صفائی کے معیار کو بلند ترین سطح پر رکھا جائے۔

انہوں نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے کنٹرول رومز کا روزانہ دورہ کرنے، صفائی کی صورتحال، مشینری، ورکرز کی حاضری اور کارکردگی کی نگرانی کی ہدایت دی۔ ولیج کمیٹیوں کو بھی فعال کرنے اور ان کی رپورٹس کی جانچ اور مانیٹرنگ کی ہدایت کی گئی۔انہوں نے کہا کہ اگر کسی قسم کی کوتاہی یا خلاف ورزی سامنے آئے تو اسسٹنٹ کمشنرز اسے (آر ڈبلیو ایم سی) کے ڈیش بورڈ پر فوری اپ ڈیٹ کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عید کے روز اسسٹنٹ کمشنرز خود ڈسپوزیبل بیگز کی تقسیم کا جائزہ لیں گے۔ مزدوروں کو فرسٹ ایڈ، کھانے پینے کی سہولیات فراہم کی جائیں گی اور سول ڈیفنس اہلکاروں کو بھی تعینات کیا جائے گا۔ تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی گئی کہ ایسی جامع منصوبہ بندی کی جائے کہ تمام ضروریات بروقت دستیاب ہوں۔مزید برآں، ایم این اے اور ایم پی اے صاحبان کو بھی آن بورڈ لیا جائے تاکہ صفائی کی اس مہم میں وہ عوام الناس کی شرکت یقینی بنائیں۔

کمشنر راولپنڈی نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ تمام عوامی پارکوں میں خصوصی صفائی یقینی بنائی جائے اور وہاں کوئی آلائش یا کوڑا کرکٹ موجود نہ ہو۔ عوام کو صفائی کے لیے تھیلے فراہم کیے جائیں اور اگر دفعہ 144 کے تحت کسی کارروائی کی ضرورت ہو تو پولیس کے ساتھ مکمل رابطہ کر کے عملدرآمد کروایا جائے۔ریسکیو کی منصوبہ بندی مکمل کی جائے، صحت کے شعبے میں ایمرجنسی نافذ کی جائے تاکہ ادویات یا دیگر ضروری اشیاء کی قلت نہ ہو۔ کنٹرول رومز مکمل طور پر فعال ہوں اور ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر رکھنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔
Live عید الاضحیٰ سے متعلق تازہ ترین معلومات