امریکی کمپنی کی عارضی تعطل کے بعد غزہ میں امدادی سرگرمیاں دوبارہ شروع

جمعہ 6 جون 2025 11:00

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2025ء) غزہ میں انسانی امداد فراہم کرنے والی ایک امریکی کمپنی نےاعلان کیا ہے کہ اس نے عارضی تعطل کے بعد امدادی خوراک کی تقسیم کا عمل دوبارہ شروع کر دیا ہے۔ العربیہ اردو کے مطابق ادارے کے میڈیا سیل نے بیان میں کہا کہ آج ہم نے امدادی تقسیم کا عمل دوبارہ شروع کر دیا ہے۔ بیان کے مطابق گزشتہ روز دو مختلف مراکز پر 14 لاکھ خوراک کے پیکٹس تقسیم کیے گئے، جبکہ 27 مئی سے اب تک کل 84 لاکھ سے زائد کھانے فراہم کیے جا چکے ہیں۔

یاد رہے کہ یہ تنظیم تقریباً ایک ہفتہ قبل اس وقت سرگرم ہوئی تھی جب اسرائیل نے غزہ پر عائد سخت محاصرے میں جزوی نرمی کی تھی، تاکہ متاثرہ آبادی تک امداد پہنچائی جا سکے۔ تاہم، امداد کی تقسیم کے دوران افراتفری دیکھنے میں آئی، اور متعدد رپورٹس میں اسرائیلی فائرنگ سےشہادتوں کی تصدیق کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اسرائیلی فوج نے امدادی مراکز کی بندش کی تصدیق کرتے ہوئے خبردار کیا کہ تقسیم کے مراکز کی طرف جانے والے راستے اب بھی جنگی زون شمار ہوتے ہیں۔غزہ کے سول ڈیفنس محکمے نے منگل کو اعلان کیا تھا کہ اسرائیلی ڈرونز اور ٹینکوں کی فائرنگ سے 27 شہری اس وقت شہید ہوئے جب وہ رفح کے جنوب میں واقع امدادی مرکز کی طرف جا رہے تھے، جہاں امریکاکی طرف سے بھیجی گئی خوراک کی تقسیم ہونی تھی۔