خیبر پختونخوا کی 11 ماہ کی ٹیکس آمدن میں گذشتہ سال کے مقابلے میں 40 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم

جمعہ 6 جون 2025 14:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2025ء) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیربرائے خزانہ مزمل اسلم نے ٹیکس محصولات بارے بڑا بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کا آئندہ بجٹ ٹیکس فری ہوگا اور صوبے میں کوئی نیا ٹیکس نافذ کرنے کا ارادہ نہیں ہے۔ مشیر خزانہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا کی 11 ماہ کی ٹیکس آمدن میں گذشتہ سال کے مقابلے میں 40 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ نان ٹیکس آمدن میں بھی 50 فیصد سے زائد اضافہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

مشیر خزانہ نے کہا کہ خیبرپختونخوا ٹیکس دہندگان کی تشویش کو بھی کم اور واضح کرنا چاہتا ہوں کہ آئندہ سال کیلئے بھی 40 فیصد کا ٹیکس ہدف مقرر کر رہے ہیں اورصوبے میں کوئی نیا ٹیکس نافذ کرنے کا ارادہ نہیں ہے۔ صرف ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنے اور بہتر عمل درآمد پر توجہ دی جائے گی۔ مزمل اسلم نے کہا کہ گذشتہ 11 ماہ کے دوران 40 فیصد کے حساب سے ٹیکس محصولات میں 13.12 ارب روپے کااضافہ ہوا ہے۔ سیلز ٹیکس ان سروسز میں 28 فیصد جبکہ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس میں 105 فیصد اضافہ ہوا ہے۔