مویشی منڈی جانے اور خریدتے وقت احتیاطی تدابیر اختیا ر کی جائیں ، محکمہ صحت و آبادی

جمعہ 6 جون 2025 19:42

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2025ء) ڈائریکٹیو ریٹ جنرل ہیلتھ سروسز محکمہ صحت و آبادی حکومت پنجاب کی جانب سے جاری کی گئیں ہدایات میں کہا گیا ہے کہ مویشی منڈی جانے اور خریدتے وقت احتیاطی تدابیر اختیا ر کی جائیں۔ سنت ابراہیمی کا محفوظ اہتمام کانگو وائرس سے احتیاط کے ساتھ کیا جائے،کانگو بخار ایک مہلک بیماری ہے جو جانوروں پر پلنے والے چچڑوں اور متاثرہ خون یا رطوبتوں سے انسانوں میں داخل ہو سکتی ہے۔

(جاری ہے)

اس کے لیے مویشی منڈی جاتے وقت ماسک اور دستانے لازمی پہنیں،جانوروں کو چیک کرتے وقت گلوز یا ڈیٹ لوشن لگائیں،جانور خریدنے سے پہلے تسلی کر لیں کہ اس کے جسم پر چچڑیال نہ ہوں جبکہ بزرگ ،بچے اور بیمار افراد مویشی منڈی جانے سے گریز کریں۔بیوپاریوں اور قصابوں کے لیے خصوصی احتیاطی تدابیر جاری کرتے ہوئے محکمہ صحت و آبادی حکومت پنجاب کی جانب سے کہا گیا ہے کہ جانورں اور ان کے باڑوں کو چچڑوں سے محفوظ رکھنے کے لئے محکمہ لائیو سٹاک کے مشورے سے سپرے کروائیں۔جانوروں کو ذبح کرتے اور گوشت بناتےوقت خود کو جانوروں کے خون سے آلودہ ہونے سے بچائیں جبکہ کانگو بخار کی علامات کی صورت میں فوری قریبی سرکاری ہسپتال سے رجوع کریں۔

متعلقہ عنوان :