صوابی ،مانیری پایان میں دو فریقین میں 33سالہ پرانی دشمنی دوستی میں بدل گئی

جمعہ 6 جون 2025 20:28

صوابی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جون2025ء)مانیری پایان صوابی میں دو فریقین کے درمیان 33سالہ پرانی دشمنی دوستی میں بدل گئی۔ تفصیلات کے مطابق مانیری پایان میں فریق اول منتظم شاہ ،حاجی زرشید (سابق صوبائی وزیرِ عشر و زکو خیبرپختونخوا )وغیرہ اور فریق دوئم کے شیر نواب خان و مستقل خان وغیرہ وغیرہ کے درمیان 33 سالہ قتل و مقاتلے کی دشمنی جرگہ عمائدین سیار خان , سید عرب خان آمیر صاحب اور سلیم شاہ کی کوششوں سے دوستی میں بدل گء۔

اس سلسلے میں راضی نامہ کی تقریب مسجد حاجی محمد زرشید خان ایڈووکیٹ میں زیرِ صدارت سیار خان منعقد ہوئی ,جس میں صوابی پریس کلب کے صدر جلیل احمد خان سمیت علاقہ مشران و عوامی، سماجی اور سیاسی حلقوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

مذکورہ عناد میں فریق اول منتظم شاہ کے بھائی مرحوم محمد اسلام شاہ کا قتل ہوا تھا جسے فریق دوئم کی جانب سے تازر خان نے قتل کیا تھا , جبکہ فریق اول کے سربراہ منتظم شاہ نے فریق دوئم کے شیرنواب خان اور مستقل خان کو " فی سبیل اللہ " معاف کیا حالانکہ انہیں دیت کی رقم کی پیشکش ہوئی تھی,جو انہوں نے ٹھکرا دی , اور مذکورہ جرگہ عمائدین کو یقین دلایا کہ وہ اپنے بھائی مرحوم محمد اسلام شاہ کے قاتلوں کو بغیر کسی دیت کے معاف کرتے ہیں ۔

اس موقع پر قاضی یونین کونسل مانیری پایان مولانا فضلِ ماجد نے دین اسلام کی روشنی میں صلح کی آفادیت بیان کی اور معاشرے میں صبرِ و تحمل اور خصوصا نوجوان نسل کی بہتر تربیت پر زور دیا، تقریب کے اختتام پر جرگہ عمائدین نے فریقین کا شکریہ ادا کیا ۔

متعلقہ عنوان :