Live Updates

یوسف رضا گیلانی کی عیدالاضحی کے بابرکت اور پرمسرت موقع پر پوری مسلم اٴْمہ کو مبارک باد

جمعہ 6 جون 2025 21:39

یوسف رضا گیلانی کی عیدالاضحی کے بابرکت اور پرمسرت موقع پر پوری مسلم ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جون2025ء)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے عیدالاضحی کے بابرکت اور پرمسرت موقع پر پوری مسلم اٴْمہ کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید الا ضحی حضرت ابراہیم علیہ السلام کی اطاعت خداوندی اور حضر ت اسماعیل علیہ السلام کی تسلیم و رضا کی شاندار مثال اور یادگار ہے جس نے اطاعت اور قربانی کی ایک ایسی لازوال راویت قائم کی جس کی پیروی تاقیامت جاری رہے گی۔

قربانی کا یہ جذبہ ایک عالمگیر حیثیت کا حامل ہے۔ دٴْنیا میں کوئی بھی قوم اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتی ہے جب تک اس میں ایثار اور قربانی کا جذبہ موجود نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ عید الاضحی ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ اپنی خواہشات ، مفادات کو اللہ تعالیٰ کی رضا کے لئے ہی قربان کردینا حقیقی کامیابی ہے۔

(جاری ہے)

اپنے پیغام میں سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ہمیں اپنے تمام تر مفادات، ترجیحات اور تعصبات کو پس پشت رکھتے ہوئے ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی اور اجتماعی فلاح و بہبود کے لئے مل کر کام کرنا ہوگا،اب وقت آگیا ہے کہ ہم اپنی تمام سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر ملک کی ترقی و خوشحالی کے لئے مل کر مشترکہ لائحہ عمل اختیار کریں۔

یہ ملک لازوال قربانیوں اور بے پناہ صبر و تحمل و استحکام کے نتیجے میں وجود میں آیا۔ ہم سب کو مل کر اس کی ترقی وخوشحالی کیلئے یک جان ہونا چاہیے۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ عید الا ضحی کی خوشیاں مناتے ہوئے ہمیں اپنے ان بہن بھائیوں کا بھی خاص طور پر خیال رکھناچاہیے جو حالات کے جبر کا شکار ہو کر معاشی طور پر پیچھے رہ گئے ہوں۔عید کی خوشیاں مناتے ہوئے ہمیں اپنے اردگرد بھی نظر رکھنی ہے تاکہ ہمارا کوئی ہمسایہ اس مقدس موقع کی خوشیوں سے محروم نہ رہ جائے۔

آج کے دن ہمیں وطن کے ان معماروں ،شہدا اور محافظوں کو بھی یاد رکھنا ہے جنہوں نے وطنِ عزیز کی حفاظت، تعمیر و ترقی اور سربلندی جیسے عظیم مقصد کے لئے اپنی جانیں تک قربان کر دیں۔انہوںنے کہاکہ عید کے دن تمام مسلمان اللہ تعالیٰ سے فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے مظلوم شہریوں کیلئے خصوصی دعائیں کریں۔ اللہ تعالیٰ اپنے کرم سے ان کے لئے آسانیاں پیدا فرمائیں۔ میں اللہ تعالی سے دعا گو ہوں کہ وہ ہمیں عید الا ضحی کی حقیقی خوشیوں سے ہمکنار کرے اور ہماری قربانی کو شرف قبولیت بخشے اور ہمیں اِس عظیم عبادت کو اس کی روح کے مطابق سمجھ کر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
Live عید الاضحیٰ سے متعلق تازہ ترین معلومات