پارلیمانی سیکرٹری فرح ناز اکبر کا دانش سکول اسلام آباد کی تعمیراتی سائٹ کا دورہ

جمعہ 6 جون 2025 21:56

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جون2025ء)پارلیمانی سیکرٹری برائے وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت فرح ناز اکبر نے دانش سکول اسلام آباد کی تعمیراتی سائٹ کا دورہ کیا جو وزیرِ اعظم شہباز شریف کی قیادت میں غریب بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی کیلئے شروع کیا گیا ایک اہم منصوبہ ہے،وزارتِ وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کے تحت یہ منصوبہ پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کی نگرانی میں 14 جنوری 2025 کو شروع ہوا تھا۔

(جاری ہے)

صرف چار ماہ میں ڈھانچہ جاتی کام مکمل ہو چکا ہے اور سکول اب تزئین و آرائش اور تکنیکی تکمیل کے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔اپنے دورے کے دوران انہوں نے منصوبے کے اعلیٰ تعمیراتی معیار کو سراہا۔ فرح ناز اکبر نے وزارت کے پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ، مشیروں اور کنٹریکٹرز کی پیشہ وارانہ مہارت، محنت اور کارکردگی کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ دانش سکول اسلام آباد کی بروقت تکمیل حکومت کی تعلیمی اصلاحات اور جامع قومی ترقی کے لئے پختہ عزم کی نشاندہی کرتی ہے۔