عید قربان کے موقع پر ماحول دوست اقدامات: وادیء کاغان میں قابل تحلیل بیگز کی تقسیم ، دریائے کنہار میں کمیونٹی ریور رینجرز تعینات

جمعہ 6 جون 2025 20:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جون2025ء)وادی کاغان میں ماحولیات کے تحفظ اور پلاسٹک آلودگی کے تدارک کے لیے وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے سیاحت و ثقافت زاہد چن زیب کی خصوصی ہدایات پر کاغان ڈیولپمنٹ اتھارٹی (KDA) کی جانب سے اہم اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ۔عید قربان کے موقع پر جانوروں کی آلائشوں کو مؤثر طریقے سے ٹھکانے لگانے اور وادی میں صفائی برقرار رکھنے کے لیے مقامی کمیونٹی میں 500 سے زائد قابل تحلیل (بایو ڈیگریڈیبل) بیگز تقسیم کیے گئے ہیں۔

اس اقدام کا مقصد صرف صفائی ہی نہیں بلکہ وادی کی ایمبیئنٹ کوالٹی (ambient quality) اور ماحولیاتی توازن کا تحفظ بھی ہے۔مشیر سیاحت زاہد چن زیب نے اس حوالے سے کہا ہے کہ محکمہ سیاحت صوبے میں ایکو ٹورزم کے فروغ کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہا ہے ۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں دریائے کنہار کے قدرتی حسن کو برقرار رکھنے اور اس میں پائی جانے والی قیمتی ٹراؤٹ مچھلی کی افزائش نسل کو یقینی بنانے کے لیے ''کمیونٹی ریور رینجرز'' کے نام سے 10 رضاکاروں پر مشتمل ایک ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔

یہ رضاکار دریا میں غیر قانونی مچھلی کے شکار کی روک تھام میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔ یہ اقدام اپنی نوعیت کے منفردماڈل کے تحت اٹھایا گیا ہے ،جو مقامی آبادی کو شراکت دینے پر مبنی ہے۔مزید برآں، حکام کے مطابق دریائے کنہار میں غیر قانونی کھدائی (ایکسکیویشن) کی روک تھام کے لیے بھی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔ ماحولیات کا تحفظ محکمے کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

متعلقہ عنوان :