Live Updates

عید سادگی کے ساتھ منائیں اور اس مقدس دن کی اصل روح کو زندہ رکھیں،فریال تالپور

ہفتہ 7 جون 2025 10:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جون2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر و رکن سندھ اسمبلی فریال تالپور نے قوم کو عیدالاضحیٰ کی مبارک باد پیش کی ہے۔میڈیا سیل بلاول ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق فریال تالپور نے کہا کہ عیدالاضحیٰ ہمیں ایثار، قربانی، ثابت قدمی اور اللہ کے حکم کے آگے سرِتسلیم خم کرنے کا درس دیتی ہے۔

یہ مقدس دن ہمیں سکھاتا ہے کہ ہم ضرورت مندوں کو اپنی خوشیوں میں شریک کریں،اپنے رشتوں کو مضبوط کریں اور معاشرے میں ہمدردی و عدل کے اصولوں کو فروغ دیں۔آئیں ان لوگوں کو بھی یاد رکھیں جو وسائل کی کمی کے باعث خوشیوں سے محروم ہیں اور ان کو بھی اپنی خوشیوں میں شامل کریں۔ فریال تالپور نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ عوام کے ساتھ کھڑی رہی ہے، خصوصاً ان مشکل وقتوں میں جب لوگوں کو سب سے زیادہ ساتھ اور سہارا درکار ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

پارٹی کی قیادت ملک بھر کی خواتین کے لیے مساوات، وقار اور مواقع کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔دعا ہے کہ یہ عید ہر گھر میں خوشیاں، پریشان دلوں کو سکون اور ملک کو امید و اتحاد کا پیغام دے۔ ہم کشمیری اور فلسطینی عوام کو بھی اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں جو آج بھی ظلم و ستم کا سامنا کر رہے ہیں۔ان کا دکھ ہمارا دکھ ہے۔ فریال تالپور نے عوام سے اپیل کی کہ عید سادگی، انکساری اور سخاوت کے ساتھ منائیں اور اس مقدس دن کی اصل روح کو زندہ رکھیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات