راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کا عید الاضحیٰ کے دوسرے روز بھی خصوصی صفائی آپریشن جاری

اتوار 8 جون 2025 15:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جون2025ء) راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کا عید الاضحیٰ کے دوسرے روز بھی خصوصی صفائی آپریشن بھرپور انداز میں جاری ہے۔ اب تک 800 ٹن سے زائد آلائشوں کو کامیابی سے ٹھکانے لگایا جا چکا ہے۔ صفائی آپریشن کی نگرانی ایڈیشنل چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ارشد خان اور ڈپٹی سی ای او ناصر کمال خود کر رہے ہیں۔

ایڈیشنل سی ای او ارشد خان کے مطابق ہیوی ڈمپرز اور ایکسیویٹرز کی مدد سے آلائشوں کو ٹرانسفر اسٹیشنز سے ڈمپنگ پوائنٹس تک منتقل کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ شاہراہوں پر فینائل اور چونے کا چھڑکاؤ اور سپرے بھی کیا جا رہا ہے تاکہ تعفن اور جراثیم کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام عارضی ٹرانسفر اسٹیشنز اور اجتماعی قربان گاہوں کو بھی فینائل سے مکمل طور پر دھویا گیا ہے۔

(جاری ہے)

دریں اثنا کنٹرول روم کو اب تک 226 شکایات موصول ہوئی ہیں جن میں سے 202 شکایات کا فوری ازالہ کر دیا گیا ہے۔ یہ شکایات صفائی، آلائشوں کی بروقت اٹھان اور دیگر متعلقہ مسائل سے متعلق تھیں۔ ڈپٹی سی ای او ناصر کمال کے مطابق صفائی آپریشن میں 700 سے زائد سینٹری ورکرز حصہ لے رہے ہیں جو دن رات خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ صفائی عملے کے لیے بہترین کھانے اور دیگر سہولیات کا بھی اہتمام کیا گیا ہے تاکہ وہ اپنے فرائض خوش اسلوبی سے ادا کر سکیں۔

ایڈیشنل سی ای او ارشد خان نے بتایا کہ 110 چھوٹی اور بڑی گاڑیاں اس صفائی آپریشن میں حصہ لے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عید صفائی آپریشن عید کے تینوں دن جاری رہے گا تاکہ شہر کو مکمل طور پر صاف اور حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق رکھا جا سکے۔ انہو ں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ قربانی کی آلائشیں مخصوص پوائنٹس پر رکھیں اور صفائی سے متعلق کسی بھی شکایت کی صورت میں کنٹرول روم سے رابطہ کریں۔

متعلقہ عنوان :