بھارت نے سکھ یاتریوں کو پاکستان آنے سے روک دیا

پیر 9 جون 2025 11:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جون2025ء) بھارت نے گرو ارجن دیوجی شہیدی کی رسومات میں شرکت کیلئے سکھ یاتریوں کو پاکستان آنے سے روک دیاہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارت نے گرو ارجن دیوجی شہیدی کی رسومات میں شرکت کیلئے آنے والے سکھ یاتریوںکو پاکستان آنے سے روک دیا ہے ۔ ترجمان متروکہ وقف املاک بورڈ کے مطابق سکھ یاتریوں نے آج(پیر کو)گرو ارجن دیو جی شہیدی کی رسومات میں شرکت کے لیے پاکستان آنا تھا۔

انہوں نے کہاکہ سکھ یاتریوں کی عدم آمد پر بھی پاکستان نے اپنی روایت کے مطابق خیر سگالی اور مذہبی احترام کا مظاہرہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں واہگہ بارڈر پر علامتی استقبال کیاجائے گا ۔ واہگہ بارڈر پر یاتریوں کے علامتی استقبال کے لیے استقبالیہ اسٹیج تیار کیا گیاہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے بتایا کہ پاکستان سکھ گرود وارہ پربندھک کمیٹی واہگہ بارڈر پر یاتریوں کا انتظارکرے گی۔

انہوں نے کہاکہ یہ علامتی تقریب اس بات کی علامت ہوگی کہ پاکستان کے دروازے تمام مذاہب کے پیروکاروں کے لیے کھلے ہیں ۔ترجمان نے افسوس کا اظہار کیا کہ بھارت کی جانب سے یاتریوں کو اجازت نہ دینا نہ صرف مذہبی آزادی کی خلاف ورزی ہے بلکہ دو طرفہ بین المذاہب ہم آہنگی اور عوامی رابطوں کے فروغ میں بھی رکاوٹ ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ بھارتی سکھ یاتریوں کو مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لیے سہولیات فراہم کی ہیں اور مستقبل میں بھی ایسی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔