کمپٹیشن کمیشن کی لاجسٹکس کے شعبہ میں 2 اہم تجارتی معاہدوں کی منظوری

پیر 9 جون 2025 13:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جون2025ء) کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان (سی سی پی)نے ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس کے شعبے میں کام کرنے والی کمپنیوں کو مشترکہ منصوبے کے تحت دو تجارتی معاہدوں کی مشروط اجازت (ایگزیمپشن) دی ہے جس کا مقصد ملک میں شعبے ترقی اور فروغ ہے۔ استثنیٰ کی مشروط منظوری کمیشن کے ایگزیمپشن کے قوانین کی تحت لئے گئے تفصیلی جائزے کے بعد دی گئی ہے جس میں قانونی فریم ورک، معاہدوں کے مارکیٹ پر متوقع اثرات اور کمپنیوں کے مابین مجوزہ تعاون سے وابستہ طویل مدتی سرمایہ کاری کے منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔

کمیشن کے مطابق مجوزہ معاہدے کمپٹیشن ایکٹ میں استشنی کے لئے دی گئی شرائط کو پورا کرتے ہیں۔ ان معاہدوں سے تکنیکی ترقی و آپریشنل کارکردگی میں اضافہ اور لاجسٹکس اور مال برداری کے شعبوں میں خدمات کا معیار بہتر ہونے کی توقع ہے۔

(جاری ہے)

مسابقتی تقاضوں سے استشنی حاصل کرنے والی کمپنیاں جائنٹ ونچر کے لئے بین الاقوامی ٹیکنالوجی اور طریقوں سے استفادہ کریں گی جو لاجسٹکس کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی، جدت اور صارفین کے لیے سود مند ثابت ہوں گے۔

کمیشن کی جانب سے شیئر ہولڈرز کے درمیان ہونے والے معاہدوں میں بعض شقوں کی مشروط اجازت دی گئی ہے تاکہ سرمایہ کاری کا تحفظ اور اداروں کے درمیان تعاون یقینی بنایا جا سکے ۔واضح رہے کہ استشنی حاصل کرنے والی کمپنیوں کے لئے ان تمام شرائط پر عملدرآمد لازمی ہے جو مارکیٹ میں مسابقت کو محفوظ بنانے کے لیے منظوری کے ساتھ عائد کی جاتی ہیں۔