ایس پی بالاکوٹ اور ڈی ایس پی پارس کامختلف مقامات کا دورہ

پیر 9 جون 2025 15:20

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جون2025ء) ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور کے احکامات کی روشنی میں ایس پی بالاکوٹ جہانزیب خان اور ڈی ایس پی پارس خشخال خان نےسرکل بالاکوٹ و پارس کے مختلف مقامات کا دورہ کیا۔پیر کےروزدورے کے دوران افسران نے عید کے موقع پر سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات پولیس افسران و جوانوں سے ملاقات کی، ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے عید کی مبارکباد دی اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔

اس موقع پر افسران نے ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا اور انہیں مزید ذمہ داری، فرض شناسی اور پیشہ ورانہ لگن کے ساتھ ڈیوٹی سرانجام دینے کی ہدایات جاری کیں۔ایس پی بالاکوٹ اور ڈی ایس پی پارس نے ٹریفک اسٹاف سے بھی خصوصی ملاقات کی اور انہیں ہدایت کی کہ سیاحوں اور عام شہریوں کو ٹریفک کی روانی، امن و امان، اور ہر قسم کی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

(جاری ہے)

افسران نے زور دیا کہ ضلع مانسہرہ میں آنے والے سیاحوں کو خوشگوار اور محفوظ ماحول فراہم کرنا پولیس کی ترجیحات میں شامل ہےاور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔اس موقع پر سکیورٹی پوائنٹس، داخلی و خارجی راستوں، سیاحتی مقامات اور دیگر اہم علاقوں پر موجود پولیس و ٹریفک انتظامات کا جائزہ لیا گیا اور فیلڈ میں موجود افسران کو مؤثر ہدایات جاری کی گئیں۔