|روس کا یوکرین پر شدید فضائی حملہ، 6 افراد ہلاک، 80 سے زائد زخمی

روسی حملوں سے مغربی شہر ٹرنوپل میں صنعتی تنصیبات اور بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا،عینی شاہدین

پیر 9 جون 2025 17:00

ِ ماسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 جون2025ء)روس نے یوکرین کے دارالحکومت کیف سمیت مختلف شہروں پر شدید فضائی حملے کیے، جس میں 6 افراد ہلاک اور 80 سے زائد زخمی ہوگئے۔عرب ٹی وی نے بتایاکہ یوکرینی فضائیہ کے مطابق روس نے 407 ڈرونز اور 45 میزائل فائر کیے، جو اب تک کے سب سے بڑے حملوں میں سے ایک تھا۔یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے بتایا کہ کیف میں 3 امدادی کارکن بھی ہلاک ہوئے، جب وہ ابتدائی حملے کے بعد جائے وقوعہ پر پہنچے تو روس نے ایک اور حملہ کر دیا۔

شمالی شہر چیرنیہیو میں دو افراد اور مغربی شہر لوٹسک میں ایک شخص ہلاک ہوا، جہاں ایک رہائشی عمارت بھی ملبے کا ڈھیر بن گئی۔ روس کی وزارتِ دفاع کا کہنا تھا کہ یہ حملے یوکرین کی دہشت گردانہ کارروائیوں کے ردعمل میں کیے گئے ، جس میں یوکرین نے روس کے اندر اسٹریٹیجک بمبار طیاروں کو تباہ کیا تھا۔

(جاری ہے)

عینی شاہدین کے مطابق کیف میں زوردار دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں، جنہوں نے دور دور تک کھڑکیاں ہلا دیں، بہت سے شہریوں نے میٹرو اسٹیشنز یا زیرِ زمین پارکنگز میں پناہ لی۔

روسی حملوں سے مغربی شہر ٹرنوپل میں صنعتی تنصیبات اور بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا، جس کے نتیجے میں شہر کے کچھ حصے بجلی سے محروم ہو گئے، علاقائی انتظامیہ نے شہریوں کو ہوا میں زہریلی گیسوں کی موجودگی کے باعث گھروں میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔یوکرین نے کہا ہے کہ حملوں کے بعد بھی کئی مقامات پر امدادی سرگرمیاں جاری ہیں اور ممکنہ طور پر مزید افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔