عیدالاضحی کے موقع پر لوئر جنوبی وزیرستان میں مختلف واقعات میں 2افراد جاںبحق، 50سے زائد زخمی

پیر 9 جون 2025 17:45

وانا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جون2025ء)ضلع لوئر جنوبی وزیرستان میں عیدالاضحی کے موقع پر مختلف واقعات میں 2افراد جاںبحق جبکہ 50سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق، مقامی پولیس اور ہیڈکوارٹر ہسپتال وانا کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران تیز رفتاری اور موٹرسائیکل پر ون ویلنگ کے باعث 48 افراد زخمی ہوئے۔ زیادہ تر زخمی نوجوان ہیں جنہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔

(جاری ہے)

تحصیل برمل کے علاقے مانڑا میں دو گروپوں کے درمیان کراس فائرنگ کے نتیجے میں دو بچے شدید زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ادھر، گزشتہ شام تحصیل وانا کے علاقے کڑیکوٹ میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے دو افراد جاںبحق ہوگئے۔ پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔عید کے موقع پر پیش آنے والے ان افسوسناک واقعات نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے جبکہ مقامی انتظامیہ نے عوام سے احتیاط برتنے اور امن و امان برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے۔