حکمران قومی خزانے کو باپ دادا کی جاگیر سمجھ کر لوٹ رہے ہیں‘جے یو آئی

بدقسمتی سے غریب آدمی مہنگائی کی چکی میں پس رہا ،اشرافیہ عوام کے ٹیکسوں پر عیاشی کر رہی ہے سپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ کی تنخواہوں میں 500فیصد اضافہ مقرو ض ملک سے زیاد تی ہے

پیر 9 جون 2025 17:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جون2025ء) امیر جمعیت علما اسلام سٹی لاہور محمد افضل خان،جنرل سیکرٹری حافظ عرفان شجاع بٹ،سالا رمولانا محمد عمیر مہمند، ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا عبد الودود شاہد،صدر لائرز فورم لاہور محمدہاشم تہامی ایڈووکیٹ،صدر لائرز فورم سٹی لاہورفیضان شجاع بٹ ایڈووکیٹ،ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات قاری منظور الحسن چترالی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہاہے کہ حکمران قومی خزانے کو باپ دادا کی جاگیر سمجھ کر لوٹ رہے ہیں، بدقسمتی سے غریب آدمی مہنگائی کی چکی میں پس رہا ہے، جبکہ اشرافیہ عوام کے ٹیکسوں پر عیاشی کر رہی ہے۔

سپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ کی تنخواہوں میں 500فیصد اضافہ مقروض ملک کی عوام سے زیادتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک طرف ملک کا نظام چلانے کے لیے حکومت آئی ایم ایف کے سامنے سجدہ ریز ہے، دوسری طرف پارلیمنٹرین کی تنخواہوں میں ہوشربا اضافہ ٹیکس دینے والی عوام کے ساتھ ظلم اور ان کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے۔

(جاری ہے)

حکومتی طبقہ اپنے اقتدار کو محفوظ کرنے کے لیے پارلیمنٹرین کی تنخواہوں میں اضافے کی صورت میںجو رشوت دے رہا ہے اس سے صاف ظاہر ہو رہا ہے کہ حکومت کی بساکھیاں انتہائی کمزور ہیں۔

آئی ایم ایف سے قرضے لے کرعیاشیوں پر استعمال کرنے والے نہ تو ملک کے خیرخواہ ہیں اور نہ قوم کے۔ حکمران، مراعات یافتہ طبقے اور اشرافیہ کو خوش کرنے کی بجائے ملک سے مہنگائی اور بے روزگاری کے خاتمے کے لیے اقدامات کریں اور عوام کو ریلیف فراہم کریں۔