Live Updates

یہ تاثر ختم کرنا ہوگا کہ پنجاب کسی ایک جماعت کی جاگیر ہے، شرجیل میمن

موجودہ پنجاب حکومت کے رویہ متکبرانہ اور اس کی سیاست حق تلفیوں پر مبنی ہے، پنجاب حکومت نفرت اور تقسیم در تقسیم کی سیاست کو ہوا دینے لگی ہے، وزیر اطلاعات سندھ

بدھ 11 جون 2025 20:20

یہ تاثر ختم کرنا ہوگا کہ پنجاب کسی ایک جماعت کی جاگیر ہے، شرجیل میمن
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2025ء) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ یہ تاثر ختم کرنا ہوگا کہ پنجاب کسی ایک جماعت کی جاگیر ہے، موجودہ پنجاب حکومت کے رویہ متکبرانہ اور اس کی سیاست حق تلفیوں پر مبنی ہے، پنجاب حکومت نفرت اور تقسیم در تقسیم کی سیاست کو ہوا دینے لگی ہے، جو افسوسناک امر ہے۔ ایک بیان میں سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی جمہوریت پر یقین رکھتی ہے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ ہم نے بلدیاتی اداروں کی بات کیا یہ غلط کہا کیا بلدیاتی انتخابات کا مطالبہ آئین کے خلاف ہے یا پھر پنجاب میں عوام کو ان کا بنیادی حق دلانا جرم ہی انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک وفاقی جماعت ہے، اور ہم صرف سندھ تک محدود نہیں، پنجاب میں ہماری بھرپور سیاسی موجودگی ہے، ہمارے کارکن آج بھی گلی محلوں میں عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔

(جاری ہے)

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت، مقامی حکومتوں، اور عوامی نمائندگی کی بات کی ہے، پنجاب میں بلدیاتی ادارے فعال نہیں، نچلی سطح پر کوئی جواب دہ نظام موجود نہیں، تو ہم خاموش تماشائی بن کر نہیں بیٹھ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بلدیاتی نظام کی بحالی، اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی عوام کا حق ہے، پیپلز پارٹی نہ صرف بلدیاتی انتخابات کا مطالبہ کرتی رہے گی، ہم پنجاب کے عوام کو لاوارث نہیں چھوڑ سکتے۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ن لیگ پنجاب کے مینڈیٹ کی داعی ہے تو بلدیاتی انتخابات کیوں نہیں کرواتی، بلدیاتی ادارے آئین میں موجود ہیں، اگر پنجاب حکومت بلدیاتی اداروں کو نہیں مانتی تو آئین کے ساتھ کھلواڑ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا سب سے بڑا صوبہ بلدیاتی اداروں کے بجائے کمشنری نظام کے تحت معاملات چلائے تو افسوسناک عمل اور جمہوریت کے منافی ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات