رحیم یار خان پولیس نے کچہ میں آپریشن کے دوران 5 مغویوں کو بحفاظت بازیاب کر وا لیا

پیر 9 جون 2025 18:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جون2025ء) رحیم یار خان پولیس نے کچہ راضی میں کامیاب ٹارگٹڈ آپریشن کرتے ہوئے پانچ مغویوں کو بحفاظت بازیاب کروالیا۔ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ رحیم یار خان پولیس نے کچہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 5 مغوی بازیاب کروا لئے۔رحیم یار خان پولیس نے ڈاکوؤں کا محاصرہ کیا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد مغویان کو بحفاظت بازیاب کر وا لیا گیا۔

(جاری ہے)

بازیاب ہونے والوں میں نعیم سومرہ، کامران شیخ، عرفان لنگاہ، شہباز شیخ اور عبدالستار شامل ہیں۔ یاد رہے کہ مغوی افراد کو کچھ دن قبل صادق آباد اور بھونگ سے اغوا کیا گیا تھا۔ڈی پی او رحیم یار خان عرفان علی سموں نے بتایا کہ رحیم یار خان پولیس نے آپریشن کے دوران اغوا کاروں کے دو سہولت کاروں کو بھی حراست میں لیا ہے۔ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایاکہ آپریشن کے دوران پولیس کو جدید ٹیکنالوجی، نائٹ ویژن گاگلز، لانگ رینج اسلحہ اور بکتر بند گاڑیوں کی مدد حاصل تھی۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے 5 مغویوں کو بحفاظت بازیاب کروانے اور 2 سہولت کاروں کی گرفتاری پر رحیم یار خان پولیس کو شاباش دی ہے۔