امریکی نیشنل گارڈ کیا ہے؟

DW ڈی ڈبلیو پیر 9 جون 2025 18:00

امریکی نیشنل گارڈ کیا ہے؟

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 09 جون 2025ء) لاس اینجلس میں مظاہروں پر قابو پانے کے لیے کیلیفورنیا نیشنل گارڈ کے دستے تعینات کر دیے گئے ہیں۔ لیکن یہ نیشنل گارڈ آخر ہے کیا؟

نیشنل گارڈ امریکی مسلح افواج کی ریزرو فورسز کا حصہ ہے، جو بری اور فضائی دستوں پر مشتمل ہے۔ اس کا قیام 1903ء میں ملیشیا ایکٹ کے تحت عمل پذیر ہوا تھا۔

ڈیفنس مین پاور ڈیٹا سینٹر کے مطابق 2023ء میں نیشنل گارڈ کی نفری چار لاکھ سے زیادہ تھی۔

نیشنل گارڈ کے دستے کب اور کہاں تعینات ہوئے؟

نیشنل گارڈ کے ذمہ متعدد امور ہیں اور اکثر اس کے دستوں کو ڈیزاسٹر ریلیف کے لیے تعینات کیا جاتا ہے۔ اس سال جنوری میں کیلیفورنیا میں لگنے والی جنگلاتی آگ کے دوران بھی اس فورس کی خدمات لی گئی تھیں۔

(جاری ہے)

اسی طرح 2005ء میں طوفان قطرینہ کے بعد انخلا اور ریسکیو کے لیے 50,000 نیشنل گارڈ کے ممبران نے اپنی خدمات فراہم کی تھیں۔

نیشنل گارڈ کے دستوں کو داخلی سکیورٹی یقینی بنانے کے لیے بھی تعینات کیا جا سکتا ہے۔ تو 2021ء میں کیپیٹل ہل پر حملے کے بعد سابق امریکی صدر بائیڈن کی حلف برداری کے موقعے پر سکیورٹی یقینی بنانے کے لیے واشنگٹن ڈی سی میں 25,000 سے زائد نیشنل گارڈ کے سپاہی تعینات کیے گئے تھے۔

سن 2020 میں سیاہ فام جارج فلائیڈ کی گرفتاری کے دوران ہلاکت اور اس کے نتیجے میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں کے دوران بھی متعدد امریکی ریاستوں میں مقامی پولیس کی مدد کے لیے نیشنل گارڈ کی خدمات لی گئی تھیں۔

نیشنل گارڈ بیرون ملک عسکری کارروائیوں میں بھی مدد فراہم کر سکتے ہیں، جیسا کہ عراق اور افغانستان میں دیکھا گیا۔

نیشنل گارڈ کی کمانڈ کس کے پاس؟

اگر نیشنل گارڈ کے دستے امریکہ میں تعینات کیے جائیں، تو ان کی کمانڈ اس ریاست کے گورنر کے پاس ہوتی ہے جہاں انہیں تعینات کیا جاتا ہے۔

تاہم اگر انہیں ملک بھر میں تعینات کیا جائے تو امریکی صدر ان کے کمانڈر ان چیف ہوتے ہیں۔

تاہم اس بار کیلیفورنیا میں نیشنل گارڈ کے دستے تعینات کرتے ہوئے موجودہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گورنر گیون نیوسم کے اختیارات کو نظر انداز کیا اور ان کے بقول ایسا قومی سلامتی کے پیش نظر کیا گیا۔

دوسری جانب کیلیفورنیا کے گورنر گیون نیوسم نے ٹرمپ کے اس اقدام پر تنقید کی اور ٹرمپ انتظامیہ پر مداخلت کر کے ''دانستہ‘‘ کشیدگی بڑھانے کا الزام لگایا۔

نیشنل گارڈ میں کون بھرتی ہو سکتا ہے؟

ویسے تو ہر امریکی شہری نیشنل گارڈ میں شامل ہونے کا اہل ہے، لیکن یہ بھی ضروری ہے کہ وہ جسمانی، ذہنی اور قانونی اعتبار سے متعلقہ معیار پر پورا اترے۔

جن سپاہیوں نے آرمی میں ملٹری سروس مکمل کر لی ہو، وہ بھی نیشنل گارڈ میں شمولیت کی درخواست دے سکتے ہیں اور عموماﹰ انہیں مزید کسی ٹریننگ کی ضرورت بھی نہیں ہوتی۔

زابینے فابیر (م ا / ا ا )