رائے ونڈ،عید الاضحی کے ایام میں عارضی مویشی منڈی میں سہولیات کا فقدان رہا

پیر 9 جون 2025 18:05

رائے ونڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جون2025ء)عید الاضحی کے ایام میں عارضی مویشی منڈی میں سہولیات کا فقدان رہا ،پنجاب کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ اینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کی جانب سے ٹھیکیدار کو رقوم کی ادائیگی پر ناخوشگوار واقعہ ،دوردراز سے آئے بیوپاری کمپنی کی جانب سے سہولیات کے فقدان کا رونا روتے رہے ۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ پنجاب کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ اینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی عیدا لاضحی کے ایام میں رائے ونڈ عارضی مویشی منڈی میں سہولیات فراہم کرنے میں ناکام رہی ، ،پانی ،روشنی ،سیکورٹی ،واش روم ،پنکھوں سمیت دیگر سہولیات کی عدم فراہمی سے بیوپاریوں کے جانور بیمار ہوتے رہے شدید گرمی میںسینکڑوں جانوروں کیلئے صرف ایک حوض بنایا گیاتھا بیوپاریوں کو کوئی خاطر خواہ سہولیات فراہم نہیں کی گئیں ،کمپنی انتظامیہ سب اچھا کی رپورٹ دیکر دور دراز سے آنیوالے پردیسی بیوپاریوں کیلئے مشکلات پیدا کیں ،عارضی مویشی منڈی میں آنیوالے درجنوں بیوپاریوں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ پانی ،روشنی ،سیکورٹی،واش رومز ،جانوروں کیلئے پانی کے حوض سمیت دیگر سہولیات فراہم نہیں کی گئیں ،صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات رہے ،چند سٹریٹ لائٹس نصب کی گئی ہیں جن کا رخ جانوروں کی بجائے صرف راستوں پر مرکوز کیا گیا تھا،خریدار وں کو موبائل کی روشنی میں جانور پسند کرنا پڑا،دیگر منڈیوں میں بیوپاریوں کو گرمی سے بچائو کیلئے پنکھے دئیے گئے ہیں لیکن رائے ونڈ منڈی میں بیوپاریوںکیساتھ ساتھ جانوروں پر مظالم ڈھائے گئے ،سخاوت نامی ٹھیکیدار نے رقوم کی عدم ادائیگی پر پنجاب کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ اینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کے خلاف ٹینٹ کو آگ لگا دی ،کمپنی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز کو ہوا میں اڑا دیا گیا کمپنی کے زمہ داران آخری روز منظر عام سے غائب رہے ،مجموعی طور پر رائے ونڈ عارضی مویشی منڈی میں پنجاب کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ اینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کی جانب سے لگائی گئی منڈی کا تجربہ ناکام رہا ۔