وزیر بلدیات خیبر پختونخوا کا عید کے تیسرے روز خصوصی صفائی آپریشن کا جائزہ لینے کیلئے پشاور شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ

پیر 9 جون 2025 20:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جون2025ء) خیبر پختونخوا کے وزیر بلدیات ارشد ایوب نے عید کے تیسرے روز خصوصی صفائی آپریشن کا جائزہ لینے کیلئے پشاور شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور صفائی ستھرائی کیلئے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا ۔اس موقع پر صوبائی وزیر کے ہمراہ سی ای او ڈبلیو ایس ایس پی یاسر علی خان، سیکرٹری ایل سی بی وحید الرحمان اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

صوبائی وزیر نے جی ٹی روڈ، رنگ روڈ، دلہ زاک روڈ، چارسدہ روڈ اور یونیورسٹی روڈ سمیت مرکزی سڑکوں کی صفائی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے پشاوراندرون اور بیرون شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور حیات آباد میں بھی صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ صوبائی وزیر نے صفائی کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا اور جانوروں کی آلائشوں کو ٹھکانے لگانے اور صفائی یقینی بنانے پر ڈبلیو ایس ایس پی اور دیگر متعلقہ اداروں کی تعریف کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صوبائی وزیر نے متعلقہ افسران کو صفائی مہم کے خاتمے کے بعد کولیکشن پوائنٹس کی دھلائی اور جراثیم کش سپرے کرنے کی ہدایت کی تاکہ بدبو اور جراثیم کا مکمل خاتمہ ممکن ہوسکے۔ ڈبلیوایس ایس پی کے سی ای او نے صوبائی وزیر بلدیات کو خصوصی صفائی آپریشن کے بارے میں تفصیلی طور پر آگاہ کیا اور بتایا کہ عید کے پہلے دو دنوں میں ساڑھے نو ہزار ٹن سے زائد آلائشیں تلف کی گئی ہیں جبکہ آپریشن کے مکمل ہوتے ہی سڑکوں کو عرق گلاب اور کلورین ملے پانی سے دھویا جائے گا۔

چھڑکاؤ اور سپرے کا سلسلہ بھی جاری رہے گا۔ صفائی آپریشن کے خاتمے کے بعد سڑکوں اور کلیکشن پوائنٹس کی دھلائی کی جائے گی۔ارشد ایوب خان نے بہترین صفائی آپریشن پر تمام عملے کی کارکردگی کی تعریف کی اور کہا کہ محکمہ کی بہتری کیلئے سب کو اپنی ذمہ داریاں نبھانی ہوں گی۔

متعلقہ عنوان :