پشاور ،تھیلی سیمیامرض میں مبتلا بچوں میں عیدگفٹس اور قربانی کا گوشت تقسیم

پیر 9 جون 2025 22:00

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جون2025ء) پشاور میں تھیلی سیمیا مرض میں مبتلا بچوں میں عیدگفٹس اور قربانی کا گوشت تقسیم کیا گیا۔ عید کے دوسرے روز الخدمت تھیسیمیاسنٹر نشترآباد میں الخدمت فاؤنڈیشن کے صوبائی صدر خالدوقاص کی زیر صدارت تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔اس موقع پر پشاور پریس کلب کے صدر محمد ریاض خان مہمان خصوصی تھے۔

تقریب میں ڈاکٹر نوید شریف، الخدمت کے صوبائی میڈیا منیجر نورالواحد جدون،الخدمت تھیلی سیمیاء کوآرڈینیٹر نثار علی سمیت بچوں کے والدین اور صحافیوں نے شرکت کی۔الخدمت تھیلی سیمیا سنٹر میں زیرعلاج بچوں میں عیدی اور تحائف تقسیم کرنے کے موقع پر الخدمت فائونڈیشن کے صوبائی صدر خالد وقاص نے کہا کہ الخدمت ہسپتال نشترآباد کے ساتھ تھیلی سیمیاء کے مرض میں مبتلا 700بچے رجسٹرڈ ہیں جنہیں بلڈ ٹرانسفیوژن کی سہولیات اور باقاعدگی کے ساتھ مفت ادویات فراہم کی جاتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس موذی مرض میں مبتلا بچوں کو زندگی کی خوشیاں فراہم کرنا الخدمت کی ترجیحات کا حصہ ہے۔ ماہرین کے مطابق تھیلی سیمیا سے بچائو کا واحد علاج اس موذی مرض سے بچاو کےلٸے اختیاطی تدابیر پر عمل اور اس حوالے سے عوام میں شعور اجاگر کرنا ہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت فائونڈیشن تھیلی سیمیاء کے علاج معالجہ کے لٸے بون میرو ٹراسپلانٹ سنٹر کے قیام کے لٸے بھی کوشاں ھے اس حوالے سے صوباٸی حکومت کو پشاور میں حیات آباد یا شہر کے کسی مناسب مقام پر زمین دینے کی درخواست کی ہے جیسے ہی ہمیں صوبائی حکومت کی جانب سے زمین میسر ہوگی اس پر عمارت کی تعمیر اور ہسپتال کے لٸے درکار دیگر لوازمات کی فراہمی کے لٸے معاشرے کے صاحب ثروت افراد الخدمت کا ساتھ دیں گے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی محمد ریاض خان صدر پشاور پریس کلب نے کہا کہ الخدمت معاشرے کے دیگر محروم طبقات کے ساتھ ساتھ تھیلی سیمیا میں مبتلا بچوں کی علاج کے لئے گرانقدرخدمات سرانجام دے رہا ہے انہوں نے کہا کہ بنیادی طور پر یہ حکومتوں کے کرنے کے کام ہیں جس کا بیڑہ الخدمت فائونڈیشن نے اٹھارکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عید کے روز آج میرے لئے بہت خوشی کا لمحہ ہے کہ میں تھیلی سیمیا جیسے موذی مرض کے خلاف لڑنے والے باہمت اور پرعزم فائٹرز بچوں کےدرمیان موحود ہوں۔

انہوں نے معاشرے کے اہل خیر افراد سے اپیل کی کہ وہ دکھی انسانیت کے لئے برسرپیکار الخدمت فائونڈیشن کی پشتیبانی کرکے اس اجتماعی مشن کو آگے بڑھائیں۔اس موقع پر بچوں کو عیدی، تحائف اور قربانی کا گوشت بھی فراہم کیاگیا۔

متعلقہ عنوان :