سوئٹزر لینڈ کے شہری کابرف کے اندر2گھنٹے7 سیکنڈ دبے رہنے کا عالمی ریکارڈ قائم

منگل 10 جون 2025 11:30

برن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جون2025ء) سوئٹزر لینڈ سے تعلق رکھنے والے شخص نے برف کے اندر2گھنٹے7 سیکنڈ دبے رہنے کا عالمی ریکارڈ بنا دیا۔ اردو نیوز نے گنیز ورلڈ ریکارڈز کی ویب سائٹ پر دی گئی معلومات کے حوالے سے بتایا ہے کہ سوئٹزر لینڈ کے شہری ایلیس مییر نے2گھنٹے 7 سیکنڈ کا وقت برف کے نیچے گزارا۔ ایلیس مییر نے ریکارڈ بنانے کے بعد خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی شخص 2 گھنٹے سے زیادہ وقت برف کے اندر یا نیچے نہیں گزار پایا ہے تو انہوں نے فیصلہ کیا کہ وہ 2 گھنٹے سے زیادہ وقت برف میں گزاریں گے۔

ایلیس مییر نے برف کے اندر رہنے کے دوران صرف شارٹس پہن رکھی تھی۔ گنیز ورلڈ ریکارڈ کی ٹیم کی موجودگی میں ایلیس مییر کو برف کے ایک ڈھیر کے پاس لے جایا گیا جس کے اطراف برف ہی برف تھی۔

(جاری ہے)

پھر ٹیم کے ایک ممبر نے بیلچے کی مدد سے ان پر برف ڈالنا شروع کیا اور وہ منوں برف کے نیچے چلے گئے صرف ان کا سر باہر رہا۔ اس سے قبل برف کے اندر زیادہ سے زیادہ وقت گزارنے کا ریکارڈ پولینڈ کے ویلرجان رومنوسکی نے قائم کیا تھا جو انہوں نے 2022 میں بنایا تھا اور انہوں نے ایک گھنٹہ، 45 منٹ اور 2 سیکنڈ برف کے اندر گزارے تھے۔

اس کے مقابلے میں ایلیس مییر نے ان سے تقریباً 15 منٹ اور پانچ سیکنڈ زیادہ گزارے۔ ایلیس مییر نے اپنے تجربے کے حوالے سے کہا کہ شروع کے چند منٹ تو کافی اچھے گزرے تاہم بعد میں برف کے وزن اور ٹھنڈک کی وجہ سے میرے کندھوں اور کہنیوں میں درد ہونے لگا، تاہم میں برداشت کرتا رہا اور یہی سوچتا رہا کہ دو گھنٹے سے زیادہ کا وقت گزارنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں ثابت کرنا چاہتا تھا میرا جسم ناقابل یقین ایکشن کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔ خیال رہے کہ یہ مقابلہ پہاڑی برف سے متعلق تھا جبکہ کچھ مقابلے برف کے کیبن کے اندر وقت گزارنے کے بھی ہوتے ہیں اور ان کے ریکارڈ کے دورانیے بھی الگ ہوتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :